گنجائش سے زیادہ قیدی پاکستان بھر کی جیلوں کا مسئلہ ہے: میاں عمیر اکرام

لاہور (انٹرویو: مرزا ندیم بیگ) جیل کا ایک چھوٹا دروازہ ہے، اس دروازے سے گزار کر قیدی کو جیل لے جایا جاتا ہے۔ چاہے اس نے کتنے قتل کئے ہوں، بدمعاش ہو، ڈاکو ہو جھک کر جیل میں داخل ہوتے ہی ساری اکڑ مر جاتی ہے۔ جب صبح سپرنٹنڈنٹ یا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے پاس پیش کیا جاتا ہے تو اسکے بعد 90 سے 95 فیصد لوگ جیل میں آ کر کوئی جرم یا گڑبڑ نہیں کرتے، باقی چند ایک لوگ تو باہر سمجھتے ہیں نہ اندر، ایسے لوگوں کیلئے قانون نے راستہ رکھا ہے۔ ڈسٹرکٹ جیل قصور کے سپرنٹنڈنٹ میاں عمیر اکرام نے روزنامہ ”مشرق لاہور “سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جیل کی سکیورٹی کا ایک مکمل طے شدہ طریقہ کار ہوتا ہے۔ ہمارے پاس جدید ترین اسلحہ ہے، واک تھرو گیٹ لگے ہیں، ہینڈ سکینر ہیں۔ بیرونی سکیورٹی پولیس کے ذمہ ہوتی ہے وہ جیل کی دیوار کے باہر چکر لگاتے رہتے ہیں۔قصور جیل میں قیدیوں کی کپیسٹی 600 تھی جو نئی بیرکوں کی تعمیر کے بعد 800 ہو چکی ہے، اسکے باوجود ہمارے پاس قیدیوں کی تعداد 1500 سے زائد ہے۔ یہ صرف ہمارا مسئلہ نہیں بلکہ پاکستان بھر میں ہر جیل کا مسئلہ ہے۔ سہولیات کی بات کی جائے تو ان ڈور گیمز میں کیرم، لڈو وغیرہ جبکہ آو¿ٹ ڈور گیمز میں والی بال اور بیڈ منٹن کے کورٹ ہیں جو شام کو ایک گھنٹہ کھیلے جا سکتے ہیں۔ جیل میں کھانے کا ایک مستقل منظور شدہ مینیو ہوتا ہے جسے سپرنٹنڈنٹ بدل نہیں سکتا۔ اس کے مطابق ہفتہ میں چھ دن چکن دیا جاتا ہے جو اگر دال یا سبزی میں ہو تو 70 گرام جبکہ صرف چکن ہو تو 100 گرام فی قیدی کے حساب سے تقسیم کیا جاتا ہے۔ ہماری جیل کے اندر تقریباً 8 ایکڑ زرعی رقبہ جہاں سبزیاں اگاکر ہم قصور، کوٹ لکھپت، شیخوپورہ اور ڈسٹرکٹ جیل لاہور کی ضروریات پوری کر رہے ہیں۔ جیل میں چوبیس گھنٹے ڈاکٹر موجود، میڈیکل سٹور اور ڈسپنسری عالمی معیار کی ہے۔ آرتھو پیڈک سرجن، انفرالوجسٹ، یورولوجسٹ، سائیکاٹرسٹ ہر پندرہ روز بعد جیل کا دورہ کرتے ہیں۔ ان کی ہدایت یا کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں جیل سے باہر ہسپتال میں بھی شفٹ کیا جا سکتا ہے۔ جیل میں قیدی دو قسم کے ہوتے ہیں ایک قتل وغیرہ کے مجرم جو لمبے عرصہ کیلئے آتے ہیں دوسرے چور، ڈکیت یا منشیات فروش ان کا جیل میں آنا جانا لگا رہتا ہے۔ یہ باہر جاتے ہیں جرم کرتے اور پھر واپس آتے ہیں۔ جہاں تک جیل میں ان کے گروہ بننے کی بات ہے تو یہ غلط ہے، جرائم پیشہ شخص اگر باہر ہو گا تو اس کے تعلقات مجرموں سے ہی ہوں گے، اگر وہ تین ہیں تو پچاس بندے ایسے ہونگے جن کو وہ اپنے ساتھ چوتھے کے طور پر شامل کرنا چاہیں گے۔ اسی طرح اگر جیل میں کسی کا تعلق بن جاتا ہے تو اسے جیل کے سر تھوپا نہیں جا سکتا۔ جیل میں 2000 کتابوں پر مشتمل لائبریری بنائی ہے ان کتابوں کو کوئی بھی قیدی جاری کرا سکتا ہے، اس کے علاوہ روزانہ آدھا گھنٹہ لائبریری میں بیٹھ کر بھی کتابیں پڑھی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ ای لائبریری کا منصوبہ بھی ہے۔