اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سابق خاتون اول بشریٰ کواڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا یا نہیں؟ اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواست پر سماعت کی،عدالت نے سوال کیا بشریٰ کو کس کیس میں کب سزا ہوئی؟۔
وکیل عثمان ریاض گل نے کہا توشہ خانہ اور عدت نکاح کیس میں سزا ہوئی، توشہ خانہ میں 31 جنوری ،عدت نکاح کیس میں 3 فروری کو سزا ہوئی،دونوں کیسز میں غیرقانونی طریقے سے ٹرائل چلا کر سزا دی گئی، سزا ہونے کے بعد وارنٹ آف اریسٹ جاری ہوتا ہے جو سپرنٹنڈنٹ جیل کو جاتا ہے، سزا سنانے کے وقت بشریٰ کورٹ میں نہیں تھیں، خود سرنڈر کیا،وکیل نے کہا چیف کمشنر کے حکم پر بنی گالہ کو سب جیل قرار دےکر بشریٰ کو وہاں منتقل کیا گیا، سب جیل کا آرڈر چیف کمشنر آفس نے جاری کیا اور اسی وقت منتقلی بھی ہو گئی، پریزن ایکٹ کے تحت بنی گالہ کے گھر کو سب جیل کا درجہ دیا گیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشریٰ کے وکیل سے کہا جیل رولز پڑھ لیں وہ کیا کہتے ہیں،وکیل نے کہا بشریٰ ٹرائل کورٹ کے آرڈر پر اڈیالہ جیل گئیں جو سپرنٹنڈنٹ جیل کو بھیجا گیا ، بعد میں وزارت داخلہ کے حکم پر چیف کمشنر نے منتقلی کا غیرقانونی نوٹیفکیشن جاری کیا،عدالت نے کہاآپ بندے کو عدالت میں پیش نہیں کر سکتے سکیورٹی خدشات ہیں، اب آپ کہتے ہیں جیل میں سکیورٹی خدشات ہیں اس لیے گھر منتقل کردیں، بتائیں چل کیا رہا ہے؟بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے دلائل سننے کے بعد بشریٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
دوسری جانب توشہ خانہ کیس میںبشریٰ کی نیب طلبی کیخلاف درخواست اعتراضات کےساتھ واپس کردی گئی،عدالت نے بشریٰ کے وکیل کو 7 روز میں رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کر دی۔
ادھرعمران خان نے بھی نیب طلبی کانوٹس چیلنج کردیا،توشہ خانہ تحائف بیچنے کیس میں نیب کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس کےخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ایک ہی الزام کے مقدمے میں مختلف قسم کی کارروائی نہیں ہو سکتی،کال اپ نوٹس معطل کی جائے۔
بشریٰ کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا یا نہیں؟ فیصلہ محفوظ



















