اسلام آباد،پشاور: (بیورو رپورٹ) پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کی سماعت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ چیف جسٹس مداخلت کاروں کی خاموش سرپرستی کی بجائے تمام ہائیکورٹس کی تجاویز منظرعام پر لائیں۔
کور کمیٹی اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ججوں کے خط پر عدالتی سماعت کے دوران چیف جسٹس کا طرزعمل و خیالات نہایت مایوس کن، عدلیہ مخالف رہے، پاکستان کی آئینی و جمہوری تاریخ کے سنگین و حساس ترین معاملے پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت اور فل کورٹ کی تشکیل سے چیف جسٹس کا گریز نہایت افسوسناک ہے، خط کے ذریعے عدلیہ کی آزادی پر ماری جانے والی شب خون کو قوم کے سامنے لانے اور ججوں کی آواز میں آواز ملانے والے جج خراج تحسین کے مستحق ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا پی ٹی آئی کی کورکمیٹی کے اجلاس میں مطالبہ کیا گیا چیف جسٹس مداخلت کاروں کی خاموش سرپرستی کی بجائے معاملے پر تمام ہائیکورٹس سے موصول ہونےوالے جوابات منظرعام پر لائیں۔
دوسری جانب تحریک تحفظ آئین پاکستان نے مطالبہ کیاہے ججز خط کے معاملے پر فل کورٹ سماعت اورعدلیہ میں مداخلت کرنےوالوں کےخلاف کارروائی کا آغاز کیا جائے،محمود اچکزئی کی زیر صدارت اجلاس میںسابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل و دیگر نے شرکت کی۔
اعلامیے میں کہا گیا ملک میں جج صاحبان پر دباو¿ ناقابل برداشت ہے، ملک بھر کی بار کونسلز اور وکلا سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کرلیا، آزاد عدلیہ کا تحفظ آئین پاکستان کی جدوجہد کا بنیادی رکن ہے، ججز خط کے معاملے پر فل کورٹ سماعت کی جائے،عدلیہ میں مداخلت کرنےوالوں کےخلاف کارروائی کا آغاز کیا جائے۔
ہائیکورٹس تجاویز منظرعام پر لائیں،پی ٹی آئی،تحریک تحفظ آئین پاکستان



















