امارات میں بارشوں کا 75 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، نظام زندگی مفلوج، ریڈ الرٹ

دبئی (مشرق نیوز) متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی ،ملک میں بارشوں کا75سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔متحدہ عرب امارات میں حکام نے شدید بارشوں اور ژالہ باری کے بعد بیشتر علاقوں کیلئے ریڈ الرٹ جاری کردیا۔شدید بارشوں نے تباہی مچا دی جس سے نظام زندگی بری طرح سے مفلوج ہوگیا، متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی صبح سے منگل کی دوپہر تک گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی جبکہ مختلف علاقوں میں کلاوڈ برسٹ بھی ہوا۔ شدید بارشوں کے باعث متحدہ عرب امارات کی کئی ریاستوں اور شہروں میں سڑکیں درایاﺅں کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ رہائشی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور بارش کا پانی گھروں، مالز، میٹرو سٹیشن اور دیگر مقامات میں داخل ہوگیا۔ دبئی کی سب سے اہم شاہراہ شیخ زاید روڈ کے متعدد حصے بند کردئیے گئے، کئی گھنٹوں سے شدید ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔محکمہ موسمیات نے نئی ایڈوائزری جاری کی ہے اور کہا ہے کہ بارش کا دوسرا سپیل منگل کی دوپہر سے شروع ہوگا اور جمعرات تک بادل گرج چمک کے ساتھ برسیں گے۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ دوسرے سپیل کے دوران بھی مختلف علاقوں میں بجلی گرجنے سمیت تیز بارش اور ژالہ باری ہوگی۔ مقامی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر کئی فٹ پانی جمع ہونے کی وجہ سے گاڑیاں ڈوب گئی ہیں اور ٹریفک کی روانی میں مشکلات پیش آرہی ہیں تاہم نکاسی کیلئے ہنگامی اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔ یہ صورتحال ابوظہبی، دبئی، شارجہ، فجیرہ اور راس الخیمہ میں ہے جہاں پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے۔دوسری طرف بارش کے باعث فلائٹس آپریشن بھی متاثر ہوا، پاکستان سمیت دنیا بھر کیلئےسینکڑوں فلائٹس تاخیر کا شکار ہونے کے باعث ہزاروں مسافر پھنس گئے ، الکوا کے علاقے میں بڑے پیمانے پر لینڈسلائیڈنگ ہوئی جبکہ راس الخمیہ میں ایک شہری ریلے میں بہہ گیا۔آسمانی بجلی گرنے اور اولے پڑنے کی پیش گوئی کے باعث اماراتی حکام نے نئی ایڈوائزری جاری کردی جس میں عوام کو غیر ضروری گھر سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اماراتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ بدھ تک جاری رہ سکتا ہے، غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے سکولوں کے اوقات کار بھی متاثر ہوئے ہیں، تعلیمی اداروں میں تعطیل اور آن لائن کلاسز کی ہدایت کی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دبئی کی سرکاری نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ خراب موسم نے خلیجی جزیرہ کے دیگر مقامات کو متاثر کیا۔ بشمول عمان، جہاں حالیہ دنوں میں شدید بارشوں کی وجہ سے کم از کم 18 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔