اسلام آباد: (بیورورپورٹ) اربوں ڈالر سرمایہ کاری کی راہ ہموار،سعودی عرب کا اعلیٰ سطحی وفد 2روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گیا۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں وفد اسلام آباد پہنچا، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے استقبال کیا، دورے کے دوران مختلف معاہدوں،مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے،سعودی وفد پاکستان میں قیام کے دوران سرمایہ کاری کے مواقع کا بھی جائزہ لے گا، وفد میں سرمایہ کاری، پانی و زراعت، ماحولیات، صنعت، معدنی وسائل، توانائی کے وزرا شامل ہیں۔
سعودی وفد کی صدر، وزیراعظم، وزیر خارجہ، آرمی چیف سے ملاقاتیں متوقع ہیں، دورے کا مقصد دوطرفہ تعاون کو بڑھانے اور باہمی اقتصادی شراکت داری کو مزید متحرک کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی زراعت، تجارت، توانائی، معدنیات، آئی ٹی، ٹرانسپورٹ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ہے ،ریکوڈک منصوبے میں سعودی سرمایہ کاری کے امور زیرغور آئیں گے،سعودی وفد کے دورے سے مشترکہ منصوبوں کے آغاز و نئے امکانات کی راہیں ہموار ہوں گی۔
اربوں ڈالر سرمایہ کاری کی راہ ہموار،سعودیہ کے اعلیٰ سطحی وفد کی پاکستان آمد



















