عدت نکاح کیس، مانیکا کے وکیل دلائل دینے سے کیوں ڈر رہے ہیں؟ ،عدالت

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)عدت نکاح کیس میں عدالت نے ریمارکس دئیے خاور مانیکا کے وکیل دلائل دینے سے کیوں ڈر رہے ہیں؟ ۔

سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ کی سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت کی، جج شاہ رخ ارجمند نے معاون وکیل سے استفسار کیا آپ کس کی طرف سے ہیں؟ معاون وکیل نے جواب دیااپیل کنندہ کی طرف سے پیش ہوا ہوں،سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے استفسار کیا شکایت کنندہ کی طرف سے کون آیا ہے؟۔

شکایت کنندہ خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی عدالت میں پیش نہ ہوئے ،سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے کہا دیکھ لیتے ہیں کوئی پیش نہ ہوا تو فیصلہ کروں گا،خاور مانیکا کے وکیل راجہ رضوان عباسی کی طرف سے جونیئر وکیل پیش ہوئے اورعدالت سے استدعا کی رضوان عباسی ابھی سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، اپیلوں پر سماعت کیلئے ساڑھے 11 بجے کا وقت رکھ لیں،سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے کہا میں نے وارننگ دی ہوئی ہے، رضوان عباسی نہ آئے تو فیصلہ کر دوں گا۔

وقفے کے بعد سماعت کا دوبارہ آغاز ہوا تورضوان عباسی پھر پیش نہ ہوئے، رضوان عباسی کے معاون وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا رضوان عباسی سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، ایک بجے پیش ہوں گے،سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس دیئے معلوم ہے ناں اگر رضوان عباسی پیش نہ ہوئے تو فیصلہ کر دوں گا،سلمان اکرم راجہ نے کہا عید گزر گئی ، سپریم کورٹ میں ہمارے بھی کیسز ہوتے ہیں۔

بعد ازاں جج نے کہا ایک بجے تک انتظار کر لیتے ہیں، عدالتی اوقات میں نہیں آتے تو فیصلہ کر لوں گا، تقریباً ایک گھنٹہ ہی رہ گیا ، انتظار کر لیتے ہیں، بشریٰ کے وکیل عثمان گل نے کہا کارروائی کورٹ کے آرڈر کا حصہ بنا لیں،وقفے کے بعد سماعت کے دوبارہ آغاز پرخاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا سابق شوہر خاور مانیکا کی درخواست پر بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کےخلاف مقدمہ درج کیا گیا، خاور مانیکا کی شکایت پر 496 ،496 بی کی دفعات شامل کی گئیں، ٹرائل کورٹ نے 496 بی کے دفعہ کو حذف کر کے 496 کے تحت سزا سنائی ، دونوں ملزموں نے فرد جرم عائد ہونے پر صحت جرم سے انکار کیا ،وکیل رضوان عباسی نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ عدالت کے سامنے پڑھ کر سنایا اور کہادلائل مکمل نہیں ہوسکتے، دلائل کیلئے مئی کے پہلے ہفتے تک سماعت ملتوی کی جائے۔

وکیل رضوان عباسی نے کہا بانی پی ٹی آئی، بشریٰ کے وکلا شواہد کو جھٹلا نہیں سکتے،دونوں کی شادی فراڈ تھی جو ثابت ہوئی، خاور مانیکا کو عدت میں رجوع کرنے کے حق سے محروم رکھا گیا، مانیکا کے بچوں سے بھی حقوق چھین لیے گئے، بانی پی ٹی آئی، بشریٰ کی تو آپس میں شادی ہی غیر قانونی ہے، دوران عدت شادی کی تو کوئی اہمیت ہی نہیں،راجہ رضوان عباسی کے دلائل پر سلمان اکرم راجہ برہم ہوگئے،جج شاہ رخ ارجمند نے وکیل رضوان عباسی سے دریافت کیا آپ کو کتنا وقت چاہیے دلائل مکمل کرنے میں؟ وکیل نے کہا4 سے 5 گھنٹے لگیں گے۔

سلمان اکرم راجہ نے پوچھا 4 سے 5 گھنٹے؟ انہوں نے کیا پہلے دلائل نہیں دیئے؟،بعد ازاں وکیل رضوان عباسی نے مئی تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کر دی،بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے سوال اٹھایا مئی کیوں؟ منگل تک سماعت ملتوی کریں یہ دلائل دہرا رہے ہیں، کیس میں رہ کیا گیا ؟ گائنا کالوجی پر انسائیکلوپیڈیا کھولا ہوا ہے،وکیل رضوان عباسی نے کہامجھے ابھی شواہد پڑھنے ہیں،سلمان اکرم راجہ نے کہا 3گواہ ہیں، کوئی وقت نہیں لگے گا، اڑھائی صفحات سے زیادہ بیان نہیں، 2بار تاخیر کی کامیاب ہوئے اب نہیں ہونے دیں گے،وکیل رضوان عباسی کا مقصد تاخیری حربے استعمال کرنا ہے۔

سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس دیئے آئندہ ہفتے تک سماعت ملتوی کر دیتے ہیں،بعد ازاں رضوان عباسی سیشن عدالت سے واپس چلے گئے، سلمان اکرم راجہ نے کہا ابھی تو تاریخ نہیں دی، رضوان عباسی بھاگ کیسے گئے؟ کیا ہو رہا ہے ، قانون کو نافذ کریں، بغیر اجازت عدالت سے چلے گئے ،توہین عدالت کی کارروائی ہونی چاہیے،عدالت نے کیس کی سماعت 24 اپریل تک ملتوی کر دی۔