وزیراعظم کاامیر قطر،ترکیہ کے صدر کو فون،تعاون مستحکم کرنے کاعزم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، عید الفطر کی مبارکباد دی اورپاکستان ،قطر کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ،مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں قریبی کام کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا، دونوں ممالک کے مابین اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے وزیراعظم شہبازشریف کو عید الفطر کی مبارکباد دی اور پاکستانی قوم کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، شہبازشریف نے دورہ پاکستان کی دعوت دی، امیر قطر نے یقین دلایا وہ جلد پاکستان کا دورہ کرنے کے خواہشمند ہیں، دونوں رہنماوں نے پاکستان، قطر کے ایک دوسرے کےساتھ ملکر کام کرنے اور تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

بعد ازاں وزیراعظم نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان کو فون کر کے عید کی مبارکباد دی، دونوں رہنماوں نے عید الفطر کے پر مسرت موقع پر پاکستان اور ترکیہ کے عوام کےلئے امن، خوشحالی و اتحاد کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان گہرے و تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان ،ترکی کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماوں نے اعادہ کیا بنیادی قومی مفادات پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے،بات چیت میں فلسطین میں قیام امن پر بھی زور دیاگیا۔

وزیراعظم نے صدر اردگان کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔