اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے ججز کو ملنے والے دھمکی آمیز خطوط کی تحقیقات کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے سنجیدہ معاملے پر سیاست کی بجائے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، مشکوک خطوط کی تحقیقات کا مقصد ہے دودھ کا دودھ، پانی کا پانی ہو جائے،حکومت پوری ذمہ داری سے تحقیقات کرائے گی، ججز کے خط پر سپریم کورٹ از خود کارروائی کررہی ہے،اب گیند عدلیہ کے پاس ہے،معاشی ترقی ، غربت و بیروزگاری میں کمی لانے کےلئے دن رات کام کرناہوگا، آئی ایم ایف سے رواں ماہ سٹینڈ بائی معاہدے کی 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط موصول ہو جائےگی، معاشی استحکام کےلئے آئی ایم ایف کا ایک اور پروگرام ضروری ہے،شرائط آسان نہیں ہوں گی،ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کےلئے کنسلٹنٹ رواں ماہ تعینات کر دیئے جائیں گے، پی آئی اے کی نجکاری شیڈول کے مطابق ہو گی، چینی انجینئرز و کارکنوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنایا جائےگا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہاججز کی جانب سے لکھے گئے خطوط پر چیف جسٹس کےساتھ میٹنگ کے بعد کابینہ نے انکوائری کمیشن بنانے کی منظوری دی ، سابق چیف جسٹس تصدق جیلانی پر مشتمل کمیشن بنایا گیاتاہم تصدق جیلانی نے بعدازاں معذرت کرلی،سپریم کورٹ نے اب معاملے پر ازخود نوٹس لے لیا ،سماعت بھی شروع ہوگئی ،عدالت عظمیٰ خود معاملے کو دیکھ رہی ہے، گیند عدلیہ کے پاس ہے، حکومت نے تو اپنی ذمہ داری پوری کردی تھی بعد میں تبدیلی آئی،شہبازشریف نے کہاججزکو مشکوک خطوط ملنے کی تحقیقات ہوں گی، موصول ہونےوالے خطوط میں مشکوک پاو¿ڈر پر تحقیقات جاری ہیں، حکومت پوری ذمہ داری سے معاملے کی تحقیقات کرائے گی،سیاست کی بجائے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہاملکی معیشت ٹھیک کرنے میں ایس آئی ایف سی کا کلیدی کردار ہے، غربت ، مہنگائی و بیروزگاری میں کمی کےلئے دن رات کام کرنے کی ضرورت ہے،امید ہے آئی ایم ایف سے رواں ماہ سٹینڈ بائی معاہدے کی 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط موصول ہو جائےگی،وزیرخزانہ ٹیم کےساتھ دورہ امریکہ میںآئی ایم ایف حکام کےساتھ ملاقاتیں کریں گے،آئی ایم ایف کانیا پروگرام ضروری ہے ،معیشت میں استحکام آنے کےساتھ عالمی اداروں کا اعتماد بحال ہو گا اور ملک میں ترقی و خوشحالی کےلئے اعتماد کےساتھ کام کرسکیں گے،نئے معاہدے میں آئی ایم ایف کی شرائط آسان نہیں ہوں گی مگر سوچ ہونی چاہیے غریب طبقے پر بوجھ کم پڑے۔
شہبازشریف نے کہاایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن پر پوری طرح کام ہو رہا ہے اور رواں ماہ کنسلٹنٹس تعینات ہوجائیں گے ،پروگرام پر عملدرآمد کیا جائےگا،پی آئی اے کی نجکاری شیڈول کے مطابق ہو گی،ایئر پورٹس کی آوٹ سورسنگ کےلئے ترکیہ کمپنی پاکستان پہنچ رہی ہے،سب ملاقات کریں گے تاکہ بتائیں پاکستان میں کتنی صلاحیت ہے، طے کیا تھا ممکنہ سرمایہ کاروں کو پاکستان بلائیں،کراچی،لاہور کے ہوائی اڈوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات سے آراستہ کریں گے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کی بہت گنجائش ہے،ترقی کیلئے حکمت عملی وضع کی جائےگی۔
وزیراعظم نے کہا معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے، معاشی اعشاریوں میں بہتری ،مہنگائی میں بتدریج کمی آرہی ہے، معاشی استحکام سے ہی غربت کا خاتمہ ممکن ہے، غربت و بیروزگاری کا خاتمہ ترجیح ہے، چینی سفیر کےساتھ داسو کا دورہ کیا، چینی انجینئرز و کارکنوں کو ملاقات میںتسلی دی ، چینی وفد کی وزیر داخلہ ،وزیرخارجہ سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، مرنے والوں کی میتیں ایئرفورس طیارے کے ذریعے چین پہنچائیں،صوبوں کےساتھ ملکر چینی انجینئرز و کارکنوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنایا جائےگا۔
دریں اثنا وفاقی کابینہ نے نیشنل کمیشن برائے سٹیٹس آف ویمن کے ممبران کی تعیناتی ،سابق چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی کو سعودی حکومت کی جانب سے کنگ عبدالعزیز میڈل بیج آف آنرر آف ایکسی لنٹ کلاس ایوارڈ ،حکومت ملائیشیا کی جانب سے درجہ کی پہلونان انگاٹن تینترہ وصول کرنے کی اجازت ،نیشنل کمیشن برائے چائلڈ ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ، نیشنل چائلڈ پروٹیکشن سینٹر کو ختم اور امپلی مینٹیشن آف نیشنل لائن آف ایکشن فار چلڈرن کو ختم کرنے کی منظوری دیدی۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت انسانی حقوق کے ماتحت 3ادارے نیشنل کمیشن برائے چائلڈ ویلفیئر ، نیشنل چائلڈ پروٹیکشن سنٹر اور امپلی مینٹیشن آف نیشنل لائن آف ایکشن فار چلڈرن کو ختم کرنے کافیصلہ کرلیا،اداروں کے سول سرونٹس کو سرپلس پول میں شامل کیاجائےگا۔
ادھر اقتصادی شعبے کی اصلاحات پر اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہاحکومت کی مکمل توجہ پنشن اصلاحات ،اداروں کی نجکاری پر ہے،5برس میں ٹیکس کو جی ڈی پی کے 15 فیصد تک لےکر جائیں گے،عام آدمی پر بوجھ ڈالے بغیر محصولات میں اضافے کیلئے جامع پلان تشکیل کرکے پیش کیا جائے۔
شہباز شریف نے کہا وفاق صوبوں کو مضبوط کرکے 18ویں ترمیم کی تمام متعلقہ وزارتیں و ادارے صوبوں کے حوالے کرے گا، مالی خسارے کو کم کرنے کیلئے خرچوں میں کمی کی جائے گی،سرکاری ملکیت کے ادارے بالخصوص خسارے کا شکار اداروں کی اصلاحات و نجکاری کا عمل تیز کیاجائے،آئی ایم ایف کےساتھ سٹینڈ بائے پروگرام کی تکمیل خوش آئند ہے، حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ آئندہ پروگرام کیلئے بھی بھرپور محنت کرے گی،اقتصادی شعبے کی ترقی کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں۔
علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف سے فلسطینی سفیر احمد جواد اے اے ربی نے ملاقات کی، صدر محمود عباس کی جانب سے دوسری بار وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے پر تہنیتی پیغام پہنچایا،اس موقع پر شہبازشریف نے کہاپاکستان کے فلسطین کےساتھ تاریخی و قریبی برادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستان تسلسل سے مسئلہ فلسطین کی اقوام متحدہ ،او آئی سی سمیت تمام عالمی فورمز پر حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔
وزیر اعظم نے 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں تسلسل سے جاری حالیہ اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا بہادر و معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت فی الفور بند ہونی چاہیے،سلامتی کونسل قراداد کے باوجود اسرائیلی بربریت جاری رہنا افسوسناک ہے،پاکستان ہر عالمی فورم پر فلسطینی عوام کےساتھ یکجہتی کےلئے آواز اٹھاتا رہے گا،مزید امدادی سامان عید کے بعد بھیجیں گے،فلسطینی سفیر نے وزیر اعظم ، پاکستانی عوام کی جانب سے فلسطین کے عوام کی مدد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا مشکل گھڑی میں پاکستان کی حمایت سے فلسطینیوں کا حوصلہ بلند ہوا۔
مزید برآں اپنی ٹوئٹ میںوزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ملک وقوم کےلئے ذوالفقار بھٹو کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،4 اپریل 1979 کو بھٹو کوغیر شفاف عدالتی کارروائی کے ذریعے پھانسی کی سزا سنائی گئی،44 سال بعد سپریم کورٹ نے تاریخی غلطی کا ازالہ کیا لیکن بھٹو کے اہلخانہ و کارکنوں کےلئے ناقابل تلافی نقصان کا ازالہ محض آنسو اور نہ ختم ہونے والا افسوس ہے۔
ڈار کی قیادت میں حکومتی وفد کی بلاول بھٹو سے ملاقات،اہم امور پر مشاورت
زرداری کی محسن نقوی ،ملک احمد خان سے ملاقات، نئے صوبوں پر مشاورت
امریکہ نے حملے دوبارہ شروع کیے تو مزید سرپرائزز تیار ہیں،ایران
بلاول بھٹو قومی رہنما ،مریم نواز سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا، پیپلز پارٹی
جیٹ فیول، مٹی کا تیل ،لائٹ ڈیزل آئل مزید سستا
مشرق وسطیٰ میں کشیدگی ،موسمیاتی تبدیلیاں ملکی معیشت کےلئے خطرہ
پنجابی ماں بولی پہچان، فروغ کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا، عطا تارڑ
موقف بڑا واضح،صوبے کی تقسیم مرتے دم تک قبول نہیں،سندھ حکومت
وزیراعظم ،فیلڈ مارشل کا خلا باز ذیشان سے براہ راست رابطہ،حوصلہ بڑھایا
کراچی ریلی منسوخ ،پیپلز پارٹی کھلم کھلا سندھو دیش بناناچاہتی ہے، ایم کیو ایم



















