سینٹ الیکشن میں حکمران اتحاد نے میدان مارلیا، خیبرپختونخوا میں انتخابات ملتوی

اسلام آباد،لاہور،کراچی،پشاور:(بیورورپورٹ،رپورٹنگ ٹیم)سینٹ الیکشن میں حکمران اتحاد نے میدان مار لیا،الیکشن کمیشن نے کے پی میں انتخابات ملتوی کردئیے۔

سینٹ کی 19 نشستوں کےلئے قومی ، سندھ اور پنجاب اسمبلیوں میں ووٹنگ صبح 9 سے شام 4 بجے تک جاری رہی،، پیپلزپارٹی سب سے زیادہ 11،ن لیگ نے 6 نشستیں جیت لیں،سندھ سے آزاد امیدوار فیصل واوڈا نے بھی کامیابی سمیٹی۔

اسلام آباد کی ٹیکنوکریٹک نشست پر وزیرخارجہ اسحاق ڈار222،جنرل نشست پر پیپلز پارٹی کے رانا محمودالحسن 224 ووٹ لےکر کامیاب ہو گئے،مدمقابل راجہ عنصر محمود 81 ،فرزند علی شاہ 79 ووٹ حاصل کرسکے۔

پنجاب میں 5 نشستوں پر مقابلہ ہوا،ٹیکنوکریٹ نشست پر وفاقی وزرا اورنگزیب 128 ،مصدق ملک 121 ووٹ لےکر فاتح رہے،خواتین کی مخصوص نشستوں پر ن لیگ کی انوشہ رحمن ،بشریٰ بٹ کامیاب ہوگئیں،دونوں نے بالترتیب 125،123 ووٹ حاصل کیے ،سنی اتحاد کونسل کی صنم جاوید 102 ووٹ حاصل کر سکیں،اقلیتی نشست پر ن لیگ کے خلیل طاہر سندھو نے 253 ووٹ حاصل کرکے کامیابی سمیٹی ،سنی اتحاد کونسل کے آصف عاشق 99 ووٹ حاصل کر سکے۔

سندھ میں پیپلز پارٹی کاراج رہا، 5 جنرل ، 2خواتین، 2ٹیکنو کریٹ اور اقلیتی سمیت 10نشستیں اپنے نام کرلیں،آزاد امیدوار فیصل واوڈابھی سینیٹر بن گئے،ایک سیٹ پر ایم کیو ایم کے حصے میں آئی،سندھ سے کامیاب ہونےوالوں میںاشرف جتوئی، دوست علی جیسر، کاظم علی شاہ، مسرور احسن، ندیم بھٹو، عامرچشتی ،قرة العین مری ،روبینہ قائم خانی،سرمد علی ،بیرسٹرضمیر گھمرو،پنجومل بھیل شامل ہیں۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن نے اپوزیشن کی درخواست پر خیبرپختونخوا میں سینٹ کی 11 نشستوں پر انتخابات ملتوی کردئیے ،اپوزیشن کی درخواست پرصوبائی الیکشن کمشنر نے چیف الیکشن کمشنر سے رابطہ کیا ،مشاورت کے بعد سینٹ انتخابات تاحکم ثانی ملتوی کیے گئے۔

بعدازاں ای سی پی نے 2صفحات پرمشتمل حکم نامے میں کہا خیبرپختونخوا میں سینٹ انتخابات کیلئے الیکٹورل کالجز نامکمل ہے، سپیکرنے نوٹیفائیڈ اراکین سے حلف نہیں لیا اور حلف کےلئے کوئی انتظامات بھی نہیں کیے گئے،مخصوص نشستوں پر ممبران کی حلف برداری تک خیبرپختونخوا کی حد تک سینٹ الیکشن ملتوی کیاجاتا ہے،خیبرپختونخوا اسمبلی میں ممبران کی حلف برداری کےلئے انتظامات کیے جائیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں سینٹ انتخابات ملتوی کرنے کافیصلہ عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا،چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، فیصلے کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے،مخصوص نشستیں حق ہے، قانونی طور پر محروم نہیں رکھا جا سکتا، نشستوں کےلئے پہلے ہی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے، سینٹ الیکشن ملتوی کرنے کیخلاف ایک اور درخواست سپریم کورٹ میں دائر کریں گے۔