اسلام آباد:(بیورورپورٹ) چیف جسٹس نے ایف آئی اے کو صحافیوں کی گرفتاری سے روکدیا،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سماعت کی،پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے وکیل بیرسٹر صلاح الدین نے دلائل دئیے اور کہا ایف آئی اے پیکا ایکٹ کے غلط استعمال کی عادی ہو چکی، بیرسٹر صلاح الدین نے جسٹس اطہر من اللہ کے ہائیکورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیا اور کہا اسلام آباد ہائی کورٹ پیکا سیکشن 20 کی ایک جز کو کالعدم قرار دے چکی۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کیا اسلام آباد ہائی کورٹ کا رپورٹٹڈ فیصلہ ہے؟ صلاح الدین نے کہا صرف مختصر حکم نامے میں سیکشن کو کالعدم کیا گیا،چیف جسٹس نے پوچھا کیا تفصیلی فیصلہ بھی آیا تھا؟ تو بیرسٹر صلاح الدین نے کہا مجھے نہیں لگتا تفصیلی فیصلہ آیا،چیف جسٹس نے پوچھا فیصلے میں پورا آرڈیننس بھی کالعدم کیا گیا؟ وکیل نے کہا نیا آرڈیننس آرہا تھا کالعدم کیا گیا۔
چیف جسٹس نے پوچھا کیا اس فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا؟ وکیل نے جواب دیا میرے خیال میں فیصلہ چیلنج نہیں کیا حتمی ہو چکا، پرائیویسی میں مداخلت کے نام پر صحافیوں کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے،چیف جسٹس نے کہا کہ غلط استعمال تو بہترین قسم کے قانون کا بھی ہو جاتا ہے، آپ پرائیویسی کو کوالیفائی کیسے کریں گے؟ کیا کوئی آپ کی تصاویر آپ کے کمرے یا واش روم میں بنا سکتا ہے؟ مجھے لگتا ہے اس پر آپ بھی کہیں گے ایسا نہیں ہوسکتا، ہتک عزت کا معاملہ نہیں پرائیویسی کا رہ جاتا ہے،بعدازاں سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت 2اپریل تک ملتوی کردی اور آئندہ سماعت تک ایف آئی اے کو صحافیوں کی گرفتاری سے روک دیا۔
پیکاایکٹ،چیف جسٹس نے صحافیوں کی گرفتاری سے روکدیا



















