کسی کو پتہ ہی نہیں سائفر کا متن کیا لیکن کہہ رہے ہیں دشمن کو فائدہ ہوگیا، ہائیکورٹ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دئیے ہیںکسی کو پتہ ہی نہیں سائفر کا متن کیا لیکن کہہ رہے ہیں دشمن کو فائدہ ہوگیا، سارا کیس ایک ڈاکیومنٹ کے گرد گھوم رہا ہے وہ ڈاکیومنٹ اور متن ریکارڈ پر نہیں۔

سائفر کیس میں سزا کےخلاف بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی اپیل پر سماعت چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے روبرو ہوئی، بانی پی ٹی آئی کے وکلاءسلمان صفدر اور دیگر عدالت کے سامنے پیش جبکہ ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر حامد علی شاہ اور ذوالفقار عباسی نقوی، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد ایاز شوکت بھی پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے کہا سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے ریورٹ منگوائی تھی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کی جانب سے رپورٹ ابھی تک پیش نہ ہوسکی،عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دئیے،جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے کہا جو ای میل کوڈڈ فارم میں بذریعہ ای میل آیا کیا وہ اب موجود ہے؟۔

سپیشل پراسیکیوٹر حامد علی شاہ نے کہا جی وہ تو رہے گا،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا یہ کریمنل کیس ہے جس کا ڈاکیومنٹ ریکارڈ پر ہی نہیں ہے، ڈاکیومنٹ جس کے غلط استعمال یا ٹوئسٹ کرنے کا الزام ہے اس کا متن ریکارڈ پر ہی نہیں ،سول نہیں بلکہ کریمنل کیس ہے اور مفروضوں پر نہیں جا سکتے اور بغیر کسی شک و شبے کے پراسیکیوشن کو یہ ثابت کرنا ہے ۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کیا کوڈ تک بانی پی ٹی آئی کی کسی سٹیج پر رسائی تھی ؟،سلمان صفدر نے کہا کوئی رسائی نہیں تھی نہ ہی یہ ایف آئی اے کا کیس ہے، سائفر سکیورٹی کا سیکریٹ کوڈ تک تو رسائی ہی نہیں تو کیسے سسٹم کمپرومائز ہوگیا؟ عدالت کے سامنے درخواستیں ہائی لائٹ کروں گا وہ کیا ہیں، ٹرائل کورٹ کو سائفر گائیڈ لائن کی درخواست دی تھی جو مسترد کردی گئی۔

بعدازاں سائفر کیس کی سزا کےخلاف کیس کی سماعت ملتوی کردی گئی،دوسری جانب بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ریفرنس میں سزاو¿ں کےخلاف اپیل پر سماعت بھی منگل کو ہوگی۔