بلوچستان میں پڑوسی ممالک کی مداخلت ،معیشت بہتر کریں گے:جام کمال

کراچی (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ ہم اس ملک کی معیشت کے حوالے سے چیزوں کو بہتر کرنے کیلئے کوشاں ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ پیپلز پارٹی کو وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کیلئے قائل کریں، بلوچستان میں پڑوسی ممالک کی جانب سے مداخلت شامل ہے، کراچی اور لاہور میں ہوسکتا ہے کہ حادثات زیادہ ہوتے ہونگے لیکن کوئٹہ میں حادثات کی خبریں زیادہ چلتی ہے، پاکستان کے اندرونی معاملات میں جہاں فقدان ہیں ان کو حل کیا جانا چاہیے۔پیرکووفاقی وزیر تجارت جام کمال نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت نے کہاکہ عہدے کو سنبھالنے کے بعد مزار قائد پر حاضری ضروری تھی، یہاں آکر ہمیں پاکستان کےلئے قربانیوں کا احساس ہوتا ہے، یہ ملک پاکستان ہم سب کےلئے اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پہلے دن سے وزیر اعظم بڑے جذبے کے ساتھ اور محنت کے ساتھ کام کر رہے ہیں، وفاقی وزراءاور صوبائی حکومتیں نے نئی ذمہ داریوں کو سنبھال لیا ہے، پاکستان کو بہت چیلنجز کا سامنا ہے لیکن ہمیں اللہ سے بہتری کی امید ہے، یہ سب ہماری محنت پر مبنی ہے۔پیپلز پارٹی کی کابینہ میں شمولیت کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتیں جیسے ایم کیو ایم، نیشنل پارٹی وغیرہ ان سب نے ملکرحکومت کی تشکیل میں حصہ ڈالا ہے، وہ الگ بات ہے کہ ہم اس حکومت کا حصہ ہیں یا نہیں لیکن اسے بنانے میں سب کا ہاتھ ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جہاں تک کابینہ میں شمولیت کی بات ہے اس فیصلے میں پیپلز پارٹی کے اپنے خیالات اور تحفظات ہوسکتے ہیں مگر وزیر اعظم نے انہیں واضح طور پر کہاہے کہ وہ ذمہ دارانہ انداز میں کابینہ کا حصہ بنیں، عوام ان سب جماعتوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر دیکھتی ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ پیپلز پارٹی کو کابینہ میں شامل کرنے کیلئے قائل کریں۔بلوچستان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان بہت مسائل سے گزر رہا ہے، بلوچستان کے زد میں بھی یہی چیزیں آتی ہیں، اس کا رقبہ بہت بڑا ہے اور اتنے بڑے علاقے میں واقعات کا ہونا اتنا ہی بڑا بن جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات اسلئے بھی حساس ہیں کہ وہاں دو ممالک کی سرحدیں ہیں، جن وزیر اعلی نے وہاں ذمہ داری لی تو سب نے اپنے لحاظ سے وہاں بہتری کی کوشش ضرور کی ہوگی، اب وہاں پیپلز پارٹی کے وزیر اعلیٰ ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ ان کے مسئلوں کو حل کرنے کی کوشش کی جائے۔جام کمال نے بتایا کہ جب پاکستان کے اندرونی کاروباری مسائل حل نہیں ہوں گے، ان کی شکایتیں نہیں سنیں گے تب تک یہ معاملات حل نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ یوٹیلیٹی سٹورز سے مہنگائی پر قابو پایا جاسکتا ہے تو یہ درست نہیں لیکن یہ ایک قدم ہے جو بہت عرصے سے جاری اور اس کے بڑھانا چاہیے، دینا میں پراسینگ میکانزم ایسا نہیں ہے، ہمیں پرائس کنٹرول میکانزم کو بھی برقرار رکھنا ہے۔حکومتی ویژن کے حوالے سے جام کمال نے کہا کہ پاکستان میں گورننس، مہنگائی کا مسئلہ ہے، عالمی معیشت کا بھی بہت اثر ہے، بیرونی سرمایہ کاری بھی کافی عرصے سے کم ہے، تو ہمارا ویژن ہے کہ پہلے ہاﺅس کو آرڈر میں لانا ہے، جو گورننس سٹرکچر ہے، ایف بی آر کے مسئلے ہیں اس کے ساتھ انرجی کے مسائل کو بہتر کرنے کیلئے دسکوز کو بتایا گیا ہے کہ ان لوگوں پر بوجھ کیوں ڈالا جارہا ہے جو بل دے رہے ہیں، تجارت کیلئے بھی سے ایشوز کو بہتر کرنا ہے۔جام کمال نے بتایا کہ حکومت ان مسائل کو حل کرنے کیلئے اور وقت دینے کیلئے جامع اقدامات کرنے کیلئے کوشاں ہے، ہمارے پاس پالیسی کا انبار ہے اب اس کو نافذ کرنے کا وقت ہے، دنیا اور پاکستان کے اندرونی معاملات میں جہاں فقدان ہیں ان کو حل کیا جانا چاہیے