ریکوڈک منصوبے میں رکاوٹیں دور،بندر گاہ تک سکیورٹی یقینی بنائینگے،وزیراعظم

اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،خبر نگار)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے ریکوڈک منصوبے میں حائل تمام رکاوٹیں دور اوربندر گاہ تک سکیورٹی یقینی بنائیں گے ۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ریکوڈک منصوبے پراہم اجلاس لاہور میں ہوا،بیرک گولڈ کمپنی کے وفد نے چیف ایگزیکٹو افسر مارک برسٹوو کی سربراہی میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی،اجلاس میں بریفنگ دی گئی منصوبے کی فزیبیلٹی دسمبر 2024تک مکمل کر لی جائےگی،ریکوڈک سے ہر مہینے 6ہزار کنٹینرز بندر گاہ تک جائیں گے،منصوبے کی کنسنٹریٹ پائپ لائن دنیا کی دوسری طویل سلری پائپ لائن ہو گی،ریکوڈک سے قومی شاہراہ 40تک کی لنک روڈ مائیننگ کمپنی تعمیر کرے گی۔

شہباز شریف نے کہا ریکوڈک منصوبے پر کام کرنے والوں اور بندرگاہ تک لاجسٹکس وآمد و رفت کے حوالے سے سکیورٹی یقینی بنائی جائےگی،سرکاری سطح پر تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے تمام رکاوٹیں دور کریں گے، بلوچستان میں معدنیات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کےلئے مواصلات کے انفراسٹرکچر، خصوصاً ریلوے لائن پر منصوبہ سازی کی جائےگی،ریکوڈک منصوبے کو بذریعہ سڑک گوادر سے جوڑنے کےلئے موجودہ روڈ نیٹ ورک کی اپ گریڈیشن کا کام جلد از جلد کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہانئی سڑکوں کی تعمیر کا کام تیز ،ریکوڈک کی گوادر بندر گاہ تک ریل روڈ نیٹ ورک کی فزیبیلٹی کیلئے حکمت عملی بنائی جائے،ریکوڈک سے گوادر ریلوے لائن منصوبے سے بندرگاہ تک رسائی آسان اور کم وقت میں ہوگی ،بن قاسم پورٹ کے مقابلے فاصلہ بھی کافی حد تک کم ہو گا،نئی ریلوے لائن سے معدنیات سے بھرپور ضلع چاغی مستفید ہو سکے گا ،کان کنی کی صنعت کو فروغ ملے گا،وزیراعظم نے ریکوڈک روڈ اینڈ ریل کنیکٹوٹی پر اگلے ہفتے تفصیلی بریفنگ طلب اورانوائرمنٹ اینڈ سوشل ایمپیکٹ اسیسمنٹ کو جلد از جلد مکمل کرنے کےلئے سرکاری سطح پر تمام تر رکاوٹیں دور کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

دریں اثناوزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم مشاورتی بیٹھک ہوئی، وفاقی وزرا اور متعدد اراکین اسمبلی نے شرکت کی،وزیر خزانہ اورنگزیب نے معاشی اہداف پر بریفنگ دی،اجلاس میںآئی ایم ایف کے سٹینڈ بائی معاہدے ،نئے پروگرام کے خدوخال کا جائزہ اور اہم حکومتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،وفاقی وزیر مصدق ملک نے وزیر اعظم شہباز شریف کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بریفنگ دی۔

علاوہ ازیں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی تشکیل نو کردی گئی،وزیراعظم نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی سربراہی کا فیصلہ واپس لے لیا اور وزیرخزانہ اورنگزیب کو چیئرمین ای سی سی مقرر کردیا،نوٹی فکیشن کے مطابق کمیٹی اراکین میں وزیر اقتصادی امور، وزیر تجارت، وزیر توانائی، وزیر پٹرولیم اور وزیر منصوبہ بندی شامل ہوں گے۔

مزید برآں اپنی ٹوئٹ میںوزیر اعظم شہباز شریف نے کہا سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز یومِ پاکستان پریڈ کے مہمان خصوصی تھے، ملاقات و تبادلہ خیال کر کے خوشی ہوئی،شہزادہ خالد بن سلمان کو ملک کا سب سے بڑا سول ایوارڈ نشان پاکستان حاصل کرنے پر مبارک باد دی۔

وزیراعظم نے کہاشہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات پہنچائیں،پاکستان ،سعودی عرب ہر محاذ پر ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے تپ دق (ٹی بی)کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں تپ دق کےخلاف جنگ کےلئے ہر فرد کی خدمات کو سراہتے ہوئے ٹی بی کے خاتمے و شہریوں کی صحت اور بہبود کو بہتر بنانے کےلئے کیے گئے اقدامات کی حمایت کےلئے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

شہبازشریف نے کہاٹی بی صحت کا عالمی چیلنج تکلیف دہ ہے ،ہر سال تپ دق سے بہت زیادہ جانیں ضائع ہوتی ہیں،انتہائی اہم ہے سب عالمی صحت کے ایجنڈے میں ٹی بی کے خاتمے کو ترجیح دیں اور وسائل مختص کریں،ٹی بی سے پاک دنیا کی طرف پیش رفت کو تیز کرنے کےلئے جدت، تحقیق و ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہاصحت کی ضروری، معیاری خدمات تک رسائی حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے،صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط بنانے، معیاری تشخیص و علاج تک رسائی بڑھانے، ٹی بی کی روک تھام اور کنٹرول کے اقدامات کی اہمیت پر بیداری پیدا کرنے کےلئے باہمی تعاون سے کام کرنا چاہیے،آئیے ملکر کام کرنے کا عہد کریں، پاکستان سے ٹی بی کے خاتمے کے اپنے مشن میں کو ئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔