اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سابق جج شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کا فیصلہ اورسپریم جوڈیشل کونسل کی سفارش کالعدم ،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس عرفان سعادت پر مشتمل 5 رکنی لارجر بنچ نے 23 صفحات پر مشتمل محفوظ فیصلہ جاری کردیا۔
عدالت عظمیٰ نے فیصلے میں تسلیم کیا بدقسمتی سے مقدمے کے فیصلے میں تاخیر سے شوکت عزیز صدیقی ریٹائرمنٹ کی عمر تک پہنچ گئے،ریٹائرمنٹ عمر کی وجہ سے اب بطور جج بحال نہیں کیا جا سکتا،بلاشبہ شوکت صدیقی نے فیض حمید پر سنگین الزامات لگائے لیکن الزامات ثابت کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا گیا، عدالت نے خامیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نوٹس جاری کیے لیکن سب نے الزامات سے انکار کیا، ضروری تھا سپریم کورٹ جوڈیشل کونسل الزامات کی تحقیقات کرتی کون سچ بول رہا ہے مگر شوکت عزیز صدیقی کو شفاف ٹرائل کے حق سے محروم رکھا گیا۔
فیصلے کے مطابق جوڈیشل کونسل کی کارروائی میں ہمیشہ شواہد ریکارڈ کیے جاتے رہے ہیں، مظاہر نقوی کیس میں 14 گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہوئے اور شواہد پیش کیے گئے البتہ کیس کے 2 پہلو ہیں،عدلیہ کی آزادی اور بغیر کسی خوف یا لالچ کے آزادی کےساتھ فیصلے کرنا و عدلیہ کی خود احتسابی ہے، کسی جج کو شفاف ٹرائل کے بغیر ہٹانا عدلیہ کی آزادی کےلئے بڑا دھچکا ہے ،مس کنڈکٹ پرجج کوشفاف ٹرائل کاموقع دےکرہی برطرف کیا جا سکتا ہے، سابق جج کو الزامات ثابت کرنے کاموقع نہیں ملا،شفاف ٹرائل کے حق سے محروم رکھا گیا۔
سپریم کورٹ نے کہاتسلیم کرنے میں کوئی عار نہیںدرخواستیں مفاد عامہ کے تحت قابل سماعت ہیں، عدلیہ کی آزادی کے بغیر بنیادی حقوق کو خطرات لاحق ہوتے ہیں، جوڈیشل کونسل نے نہیں بتایا شوکت صدیقی نے اپنے حلف کی کیسے خلاف ورزی کی تھی، انکوائری کے بغیر نہیں کہا جا سکتا تھا شوکت صدیقی کے الزامات جھوٹے تھے، ججوں کا حلف بار ایسوسی ایشن یا کسی عوامی اجتماع میں تقریر کرنے سے نہیں روکتا۔
فیصلے میں 22 جولائی 2018 کے آرمی چیف کے خط اور 24 جولائی 2018 کے وفاقی حکومت کے خط کا حوالہ بھی دیا گیا،سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی غیر قانونی اور11 اکتوبر 2018 کو وزیراعظم کی سفارش پر صدر کی جانب سے برطرفی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جاتا ہے،برطرفی کےخلاف اپیلیں منظور کی جاتی ہیں، عدالتی فیصلے میں کہا گیا جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو بحال نہیں کیا جاسکتا، ریٹائرڈ جج تصور کیا جائے، بطور جج اسلام آباد ہائیکورٹ ریٹائرڈاور تمام مراعات وپنشن کے حقدارہوں گے، پنشن سمیت تمام مراعات ملیں گی۔
سپریم کورٹ نے سابق جج شوکت صدیقی کی برطرفی کا فیصلہ کالعدم قراردےدیا



















