اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو برداشت نہیں کرسکتے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فوج کے جوانوں کی وطن کے ساتھ والہانہ محبت انمول ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید کرتا ہوں کہ کابینہ عوام کے اعتماد پر پورا اترے گی، ہمسائیہ ملک کی زمین دہشت گردی کیلئے استعمال ہو گی تو یہ قبول نہیں ہو گا،ہمیں قرضوں سے جان چھڑانی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہمسائیہ برادر ملک کے ساتھ امن کے ماحول میں رہنا چاہتے ہیں، برادر ہمسائیہ ملک کے ساتھ برادرانہ تعلق اور تجارت چاہتے ہیں،شہدا اور انکے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہمسائیہ ملک کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں ملکر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کام کریں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے چند سال قبل دہشت گردی نے سر اٹھایا، غازی ہتھیلی پر جان رکھ کر دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں، شہید ہونے والے دونوں نوجوانوں کے اہلِ خانہ سے ملاقات ہوئی، شہدا کے اہل خانہ سے مل کر ایمان تازہ ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمسائیہ ملک کے ارباب اختیار مل کر خطے کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، برادر ملک ہمارے ساتھ بیٹھ کر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کام کرے، شہدا کے والدین نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے۔ وزیراعظم کا کہنا نے کہا کہ ایس آئی ایف سی نے ہمارے ساتھ بہت کام کیا ہے ، مزید قرضے پاکستان کے لیے نقصان دہ ہیں، میثاقِ معیشت کے ساتھ ہمیں یکجہتی کا چارٹر بھی پیش کرنا چاہیے، یکجہتی اور معاشی ترقی دونوں لازم و ملزوم ہیں،ہمیں آئی ایم ایف کے نئے پروگرام کی ضرورت ہے۔ واضح رہے وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ کے 4 نکاتی ایجنڈے پر بھی غورکیا گیا۔
سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو برداشت نہیں کیا جاسکتا: وزیر اعظم



















