شہدا پورے فوجی اعزاز کےساتھ سپرد خاک، دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب دیں گے:صدر مملکت

راولپنڈی ،اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) میر علی میں شہید ہونےوالے جوانوں کو پورے فوجی اعزاز کےساتھ آبائی علاقوں میں سپردخاک کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کراچی، کیپٹن احمد بدر تلہ گنگ، حولدار صابر شہید ضلع خیبر، نائیک خورشید کو ضلع لکی مروت میں سپردخاک کیا گیا۔

سپاہی ناصر شہید کی پشاور، سپاہی راجہ شہید کوہاٹ اور سپاہی ساجد کی ایبٹ آباد میں تدفین کی گئی، نماز جنازہ میں شہدا کے اہل خانہ، عزیز و اقارب، پاک فوج کے افسروں، عمائدین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا بہادر جوانوں کی قربانیاں عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، مادر وطن سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

دریں اثنا صدر آصف زرداری اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے چکلالہ گیریژن میں شہید فوجی افسروں کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حوصلہ دیا۔

آصف زرداری نے میرعلی حملے کے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا بہادر بھائی، بیٹے اور دوست سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں، دہشت گرد کارروائیاں کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیں گے،وعدہ کرتے ہیں بیٹوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا، عوام اور فوج ایک ساتھ ہیں، ملکر دہشتگردوں کا مقابلہ کریں گے، دہشت گردوں سے جوانوں کے بہائے گئے خون کا خراج لیں گے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شہدا کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہابہادر سپوتوں نے جرات کےساتھ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، تمام تر ہمدردیاں شہدا کے خاندانوں کےساتھ ہیں، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پوری قوم متحد فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

محسن نقوی نے کہامیر علی میں شہادت کا بلندرتبہ پانے والے لیفٹیننٹ کرنل کاشف علی، کیپٹن احمد بدر سمیت 7 جوان پوری قوم کے ہیرو ہیں، پاک فوج کے افسروں، جوانوں نے اپنے قیمتی لہو سے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں تاریخ رقم کی ،شہدائے وطن کی لازوال قربانیاں نا قابل فراموش ہیں، شہداءفخر ہیں اور عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،حملے کی صرف خاموشی سے مذمت نہیں ،جواب بھی دیں گے، ایسا جواب دیں گے یاد رکھا جائیگا۔