لاہور (علی جنید) کٹاس راج مندر میں منعقد ہونے والی ہندو یاترا 6 یوم بعد اختتام پذیر ہوگئی جس کے بہترین انتظامات کو بھارت سے آئے 64یاتریوں نے بہت زیادہ سراہا تاہم دوسری طرف انتظامات کی شکل میں بناءٹینڈر کئے شرائن کی جانب سے سٹیٹ بنک آف پاکستان کے احکامات کے برعکس شعبہ شرائن کی چشم پوشی کے باعث بھارت سے آئے یاتریوں سے ٹرانسپورٹ کرایہ فی کس 5800 بھارتی کرنسی وصول کیا گیا جو کہ کل پاکستانی کرنسی میں تقریباً 11 لاکھ روپے بنتے ہیں جبکہ پاکستان قوانین میں بھارت کی اس طرح کرنسی لینا قانوناً جرم قرار دیا گیا ہے۔ اس پر وفاقی سیکرٹری مذہبی و اقلیتی امور ڈاکٹر عطاءالرحمان نے ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق کی جانب سے بھارتی یاتریوں سے بھارتی کرنسی نقد وصول کرنے کی خبر پر ایکشن لیا جائیگا اور ایسا طریقہ کار اپنایا جائیگا کہ آئندہ کوئی غیرقانونی کام نہ ہوسکے۔ بھارت سے آئے مختلف ہندو یاتریوں نے روزنامہ ”مشرق“ کی وساطت سے قائم مقام چیئرمین ارشد فرید سے کہا ہے کہ سابقہ ادوار کی نسبت اس بار ہندو یاتریوں کیلئے لنگر کے بہترین انتظامات کئے گئے تھے۔ دوسری طرف یاتریوں نے کہا کہ ہمارے لئے “ منی چینجر “ کے مسائل رہے ہیں کیونکہ ایک بھارتی روپیہ قریباً ساڑھے تین پاکستانی روپے کے برابر ہیں ،اسلئے واہگہ پر کسی بینک یا مصدقہ منی چینجر کو تعینات کیا جائے ۔ذرائع نے یہ بھی انکشاف کہا ہے کہ یاتریوں کیلئے سکیورٹی نہایت ناقص تھی اور شرائن کی جانب سے3 سکیورٹی پوائنٹ کمانڈر نعمان ، متین اور عتیق کو ہیڈ تعینات کیا گیا تھا جو کہ کٹاس راج میں یاتریوں کی حفاظت کے بجائے رات کو اپنی نیند پوری کرنے کیلئے مندر سے دور ایک نجی سیمنٹ کمپنی کے بہترین گیسٹ ہاو¿سز میں آرام فرما رہتے تھے ، اس معاملے میں وفاقی جوائنٹ سیکرٹری و قائم مقام چیئرمین ارشد فرید کو تحقیقات کروانی چاہئے۔
ہندو یاتریوں سے ٹرانسپورٹ کی مد میں لوٹ مار، 64 افراد سے بھارتی کرنسی میں 11 لاکھ سے زائد وصول



















