امریکہ کی طرف سے غزہ میں خوارک گرانے کا سلسلہ جاری

واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکہ نے 10 مارچ کو غزہ میں قحط کی زد میں آئی 80 فیصد آبادی کیلئے 11500 کھانے جہاز کے ذریعے گرائے ہیں۔ امریکی سینٹ کام کی کوشش اور اردن کے ساتھ شراکت سے یہ امریکہ کی تیسری کوشش تھی۔تاہم تیسری بار جہاز سے گرائی گئی اس خوراک کی کھیپ پہلے کے مقابلے میں کم کر دی گئی ہے۔ یاد رہے امریکہ نے پہلی بار 38000 کھانوں پر مشتمل خوراک غزہ کیلئے گرائی تھی۔ دوسری بار کھانوں کی یہ تعداد 40000 کر دی گئی، مگر تیسری بار صرف 11500 کھانے گرائے گئے ہیں۔ تاہم اس کمی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پچھلے پانچ ماہ کی مسلسل بمباری کے نتیجے میں 23 لاکھ کے قریب فلسطینی غزہ میں بے گھر ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کی رپورٹس کے مطابق ان میں سے 80 فیصد فلسطینی قحط کی زد میں ہیں۔ شمالی غزہ میں صورتحال سب سے زیادہ خراب ہے ، جہاں بھوک سے اموات ہونا شروع ہو چکی ہیں۔