مخصوص نشستیں تقسیم ،ن لیگ قومی اسمبلی کی سب سے بڑی جماعت بن گئی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سنی اتحاد کونسل کی درخواست مسترد ہونے کے بعد خواتین و اقلیتوں کی نشستیں دوسری جماعتوں میں تقسیم ،ن لیگ قومی اسمبلی کی سب سے بڑی جماعت بن گئی،الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کیلئے مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشن جاری کر دئیے۔

مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کے بعد قومی اسمبلی میں پارٹی پوزیشن بھی بدل گئی،ن لیگ 123 نشستوں کےساتھ قومی اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت بن گئی، ن لیگ نے 75 سیٹیں جیتیں، 9 آزاد شامل ہوئے، 34 خواتین، 5 اقلیتوں کی نشستیں ملیں۔

پی پی اراکین کی تعداد 73 پر جاپہنچی، پیپلزپارٹی نے 54 جنرل نشستیں جیتیں، خواتین کی 16، اقلیتوں کی 3 نشستیں ملیں،ایم کیو ایم کو 17 جنرل، 4 خواتین، ایک اقلیتوں کی نشست ملی، جے یو آئی 6 جنرل، 4 خواتین، ایک اقلیت،ق لیگ 4 جنرل ،ایک خاتون،آئی پی پی کو 3جنرل، ایک خواتین کی نشست مل گئی۔

سنی اتحاد کونسل کے ممبران کی تعداد82تک محدودرہ گئی، 8 اراکین کی آزاد حیثیت برقرار ہے،ایک حلقے پر الیکشن نہیں ہوا، ایک کا نوٹیفکیشن روک رکھا ہے، ایم ڈبلیو ایم، مسلم لیگ ضیا، باپ، بی این پی، نیشنل پارٹی اور پی کے میپ کی ایک ایک نشست ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ ملنے کےخلاف اتوار کوملک گیر احتجاج کااعلان کردیا،شیر افضل مروت، شاندانہ گلزار، عاطف خان، شہریار آفریدی ودیگر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاپی ٹی آئی کا مینڈیٹ دوسری جماعتوں کو دینا سراسر زیادتی ہے،فیصلے کیخلاف احتجاج کرینگے،پارلیمنٹ میں بھی آواز اٹھائیں گے۔