اسلام آبا د:(بیورورپورٹ)عدالت عظمیٰ نے جے یو آئی کے خلیل الرحمن کی 11پولنگ سٹیشنز پردوبارپولنگ کے فیصلے کےخلاف اپیل مسترد کر دی،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سماعت کی، الیکشن کمیشن نے کہا11پولنگ سٹیشنز پر ووٹنگ کے بعد ن لیگ کے نور 2888 ووٹوں سے جیتے،سپریم کورٹ نے کہاجب تک الیکشن کمیشن کا کوئی غیر قانونی یا غیر آئینی عمل نہیں بتائیں گے مداخلت نہیں کریں گے۔
چیف جسٹس نے کہا11پولنگ سٹیشنز پر فائرنگ ہوئی ایک شخص قتل ہوا،الیکشن کمیشن کے فیصلے میں آئین کی کہاں خلاف ورزی ہوئی ؟، وکیل درخواست گزار نے کہاالیکشن کمیشن نے انکوائری نہیں کی، چیف جسٹس نے کہااگر نتائج سے کوئی مسئلہ ہے تو متعلقہ فورم پر جائیں،جسٹس علی مظہر نے کہااگر دھاندلی ہوئی ہے تو متعلقہ فورم پر اپنا مقدمہ ثابت کریں،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاآئین بڑا واضح ہے، الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے ،احترام کریں، آئین و قانون کی خلاف ورزی نہ ہو تو مداخلت نہیں کریں گے۔
دریں اثناسپریم کورٹ نے انسداد دہشتگردی عدالت سے سزائیں پانے والے مجرموں کو رعائتیں نہ دینے کے تمام مقدمات کو یکجا کرکے لارجر بنچ کے سامنے مقرر کرنے کی ہدایت کردی ،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے قانون بنانے والوں نے کہا ہے دہشتگردی کے ملزم رعایت کے حقدار نہیں ہیں۔
الیکشن کمیشن آئینی ادارہ،احترام کریں،نتائج سے مسئلہ ہے تو متعلقہ فورم جائیں،چیف جسٹس



















