شہباز شریف کو سعودیہ،ترکیہ ،چین ،ملائیشیا سمیت دنیا بھر سے تہنیتی پیغامات

ریاض،بیجنگ،انقرہ،کوالالمپور،تاشقند،غزہ،امر تسر:(مشرق نیوز)وزیراعظم شہبازشریف کو دنیا بھر سے تہنیتی پیغامات،سعودیہ،ترکیہ ،چین،ملائیشیا سمیت دیگر ممالک نے ملکر کام کرنے کے عزم کا اظہار کردیا۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان نے اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دیتے ہوئے سعودی عرب ،عوام کی جانب اسلامی جمہوریہ پاکستان اور برادر عوام کےلئے کامیابی، خوشحالی و ترقی کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،سعودی ولی عہد نے اپنے پیغام میں پاکستان کے برادرانہ اسلامی ملک ہونے کی حیثیت سے دو طرفہ خوشگوار تعلقات میں اضافے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاوزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی منازل طے کرے گا۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے ٹیلی فون کرکے شہبازشریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ترک صدر نے شہبازشریف کی صلاحیتوں پر مکمل اظہاراعتماد کیا، وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردگان کا شکریہ ادا کیا، دونوں رہنماﺅں نے دو طرفہ تعاون کے مزید فروغ کا عزم ظاہر کیا۔

تاجکستان کے صدر امام علی رحمن نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے دورے کی دعوت دے دی،پاکستان میں تاجکستان کے سفارت خانے کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر آگاہ کیاتاجکستان کے صدر امام علی رحمن نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے پیغام بھیجا ،صدر امام علی رحمن نے کہا امید ہے پاکستان کی پائیدارسماجی و اقتصادی ترقی، لوگوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کےلئے شہباز شریف اہم کردار ادا کریں گے۔

ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے بھی ٹیلی فون کرکے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا،اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان ،ملائیشیا کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان ملائیشیا کے ساتھ تجارتی و سفارتی تعلقات کے مزید فروغ کا خواہاں ہے،شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کو دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی۔

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ما نینگ نے کہاچین وزیر اعظم شہباز شریف کو نیا وزیر اعظم منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دیتا ہے،دونوں ممالک کے تعلقات،اقتصادی راہداری پر وزیراعظم شہباز شریف کے مثبت بیانات کو سراہتے ہیں،یقین ہے وزیر اعظم شہباز شریف ،نئی حکومت کی قیادت اور پاکستان کے تمام حلقوں کی مشترکہ کاوشوں سے پاکستان یقینا ملکی ترقی کے نصب العین میں نئی ومزید کامیابیاں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا۔

فلسطینی صدر محمود عباس نے مبارکباد ی خط میں کہافلسطین ، پاکستان تاریخی و مضبوط بندھن میں بندھے ہیں، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کےلئے دعا گو ہوں،فلسطینیوں کی حمایت پر وزیراعظم شہبازشریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں،محمود عباس نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور ملک و قوم کےلئے نیک تمناﺅں کا اظہارکیا۔

ادھر بھارت میں سکھوں کی تنظیم”دل خالصہ“نے مبارکباد یتے ہوئے کہاشہبازشریف کی قیادت میں پاکستان موجودہ بحران سے نکلے گا اور جنوبی ایشیا کی سیاسی صورتحال کو بہتر بنانے میں اپناکردار اداکرےگا۔