ٹیکسی لیموزین کمیشن نیویارک سٹی مافیا بن گیا،غریب ڈرائیورز کی زندگی اجیرن

نیویارک (خواجہ فاروق) ٹیکسی لیموزین کمیشن نیویارک سٹی نے تھرڈ ورلڈ ملکوں کی طرز پر غریب ڈرائیورز کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا بازار گرم کر رکھا ہے ، دادرسی کرنے کیلئے کوئی بھی آواز اٹھانے کیلئے تیار نہیں، تفصیلات کے مطابق نیویارک سٹی میں تقریباً ایک لاکھ 7 ہزار کے قریب ٹیکسیاں شہریوں کو سفری سہولتیں فراہم کررہی ہیں اور نیویارک سٹی کی مضبوط ترین انڈسٹری میں اسکا شمار ہوتا ہے اور ایک لاکھ 77 ہزار 600 کے قریب ڈرائیور اس روزگار سے وابستہ ہیں اور اپنے اہل خانہ کو سپورٹ کررہے ہیں اور ملین ڈالرز فیڈرل سٹیٹ اور سٹی ٹیکس ادا کرکے امریکہ کی ترقی میں مصروف عمل ہیں لیکن اسکے باوجود محنت کش ڈرائیورز کا کوئی بھی پرسان حال نہ ہونے کے برابر ہے۔ محکمہ ٹیکسی اینڈ لیموزین کمیشن ایک مافیا کی شکل اختیار کرچکا ہے اور اس دفتر میں آنیوالے زیادہ تر ڈرائیورز کا تعلق تھرڈ ورلڈ ملکوں سے آئے ہوئے امیگرنٹ امریکن شہریوں سے ہے اسلئے اس محکمے میں تعینات افسران اور عملہ شہریوں سے انتہائی بدتمیزی سے پیش آتا ہے اور ڈرائیورز کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جاتا ہے۔ ڈرائیورز کی اکثریت نے بتایا ہے کہ انہوں نے مئیر کے الیکشن میں ایک کالے امریکن سابق پولیس آفیسر کیپٹن ایرک ایڈیم کو ووٹ دیکر بھاری اکثریت سے کامیاب کروایا تھا کہ وہ ٹی ایل سی محکمے میں ہونیوالی کرپشن اور امتیازی سلوک کے خاتمے کیلئے قانون سازی کریگا اور ٹی ایل سی میں اصلاحات لاکر غریب ڈرائیورز کو ٹی ایل سی کے ظلم وستم سے بچانے کیلئے اقدامات کریگا لیکن محسوس ہوتا ہے مئیر نیویارک کا سول بیوروکریسی پر کوئی کنٹرول نہیں ہے اور مئیر ایرک ایڈم کو ناکام کرنے کیلئے بیوروکریسی اوچھے حربے استعمال کرنے میں مصروف ہے۔ اگر مئیر ایرک ایڈم نے بیوروکریسی کو قابو نہ کیا تو آنیوالے الیکشن میں مئیر کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑیگا ۔ڈرائیورز نے ”مشرق“کوسروے کے دوران بتایا ٹی ایل سی لیموزین کمیشن نیویارک سٹی مافیا کے زیرانتظام چلنے والے سکول ہینک ٹیکسی اکیڈمی کیساتھ ساز باز کرکے نااہل اور ناتجربہ کار ڈرائیورز کو رشوت لیکر ٹیکسی ڈرائیور لائسنس جاری کردئیے جاتے تھے۔ اس سیکنڈل میں ٹی ایل سی کے اعلیٰ افسران بھی ملوث پائے گئے اور حکام نے ہینک ٹیکسی اکیڈمی کو بلیک لسٹ کر کے بند کردیا ہے اور سکول کے پریذیڈنٹ حسن شکیل کو ملک بدر کردیا گیا ہے جبکہ سکول سے باقاعدہ پاس ہونے والے حقیقی ڈرائیورز کو ایک بار پھر امتحان دینے پر مجبور کیا جاتا ہے اور ان سے دوبارہ امتحان کی فیس بھی لی جاتی ہے جو کہ ظلم ہے۔ ٹی ایل سی نے ڈرائیونگ کے امتحان کا ٹھیکہ ایک انڈین کمپنی پی ایس آئی ٹیسٹنگ ایکسی لینس کو دے رکھا ہے جو مسلمان ڈرائیورز سے بدتمیزی سے پیش آتا ہے اور انکو امتحان کیلئے تاریخ دینے میں لیت و لعل سے کام لیتے ہیں تاکہ ڈیٹ کی مدت ختم ہونے پر ان سے دوبارہ فیس وصول کی جاسکے اور دفتر کا ہیڈکوارٹر بھارت میں ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ٹی ایل سی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کی انسپکشن کئی کئی ماہ نہیں کی جاتی اور پھر تھرڈ ورلڈ ملکوں کی طرز پر ایک مخصوص گروپ کی وساطت سے آنیوالی گاڑیوں کی انسپکشن پاس کی جا رہی ہے جس کے باعث کیئر ایرک ایڈم کی ایڈمنسٹریشن ایک سوالیہ نشان بن گئی ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ٹی ایل سی کی ڈپٹی کمشنر سٹینڈرز اینڈ لائسنسنگ عائشہ رچرڈ کی اپنے عملے پر کوئی گرفت نہیں ہے۔ مذکورہ آفیسر کسی ڈرائیور سے ملنا تو درکنار ان کی شکایت بھی سننے کیلئے تیار نہیں ہے اور اس نے ٹی ایل سی کے دفتر کو خدا کے رحم وکرم پر چھوڑا ہوا ہے۔ ایسے معلوم ہوتا ہے یہ دفتر پاکستان اور بھارت کی طرز پر چلایا جا رہا ہے۔ ڈرائیورز نے بتایا ہے کہ جب سے ٹی ایل سی کے نئے کمشنر ڈیوڈ ڈیو نے چارج سنبھالا ہے محکمہ ٹی ایل سی میں رشوت اور بدانتظامی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ ٹی ایل سی کے دفتر میں کوئی بھی ڈیوٹی آفیسر شکایت سننے والا نہیں ہے۔ دفتر میں موجود سکیورٹی کا عملہ ڈرائیورز کو کہتا ہے آپکو کوئی بھی پرابلم ہے تو ٹی ایل سی کے ای میل پر شکایت درج کرواسکتے ہیں جس پر ڈرائیورز اپنی شکایت ای میل کردیتے ہیں لیکن اس ای میل کا جواب دینے سے متعلقہ عملہ گریز کرتا ہے اور پھر ڈرائیورز تھرڈ ورلڈ ملکوں کی طرز پر ٹی ایل سی کے منظور شدہ ٹی ایل سی کے پیرا لیگل کو بھاری فیس دیکر اپنا مسلئہ حل کروانے پر مجبور ہوجاتا ہے۔ ٹی ایل سی کے ڈرائیورز نے مئیر ایرک ایڈم سے اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی طور پر ٹی ایل سی میں ہونے والی بدعنوانیوں اور کرپشن کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات کریں اور ایک کمیشن بنائیں جو ٹی ایل سی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے سفاشات مرتب کرے اور محسوس ہو کہ ٹی ایل سی بھی امریکی حکومت کا ادارہ ہے۔ ٹی ایل سی کے ڈرائیورز نے یہ بھی بتایا ہے کہ محکمے سے وابستہ اکثریت تھرڈ ورلڈ ملکوں سے آئے ہوئے امیگرنٹس کی ہے اسلئے اس محکمے پر امریکن سیاستدان اور بیوروکریسی توجہ نہیں دیتی۔ اگر 20 فیصد وائٹ امریکن بھی اس شعبہ سے وابستہ ہوتے تو ٹی ایل سی میں بھی امریکن حکومت نظر آتی اور تمام قانون ڈرائیورز کی فلاح بہبود کیلئے بنائے جاتے اور ڈرائیورز کی عزت نفس کو مجروح نہ کیا جاتا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈرائیورز کو بھاری جرمانے کرکے انکو ذہنی مریض بنا دیا جاتا ہے اور ڈی ایم وی سٹیٹ کا لائسنس ہونے کے باوجود ان پر غیرضروری اعتراض لگا کر انکی درخواستوں کو مسترد کردیا جاتا ہے اور ان غریب لوگوں کو فوڈ سٹیمپ اور سپیشل اسسٹنس لینے پر مجبور اور شہریوں کو خیراتی ادراروں میں بھیک مانگنے پر مجبور کردیا جاتا ہے جو کہ بہت بڑا ظلم ہے۔