اپوزیشن احتجاج کے دوران سپلیمنٹری بجٹ منظور ،مریم کی اپوزیشن کو ساتھ چلنے کی دعوت

لاہور: ( اپنے رپورٹر سے)پنجاب اسمبلی میںاپوزیشن احتجاج کے دوران358ارب سے زائد کا سپلیمنٹری بجٹ منظور کرلیا گیا، اجلاس 3گھنٹے 15منٹ کی غیر معمولی تاخیر سے سپیکر ملک احمد خان کی زیر صدارت شروع ہوا ۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سیاسی تناﺅ میں کمی لانے کےلئے احسن اقدام اٹھایا اور اپوزیشن لیڈر رانا آفتاب کے پاس جاپہنچیں،مریم نوازنے اپوزیشن کو ساتھ چلنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا جمہوریت کے سفر میں اپوزیشن کا کردار نہایت اہم ہے، ساتھ لےکر چلیں گے۔

اجلاس کے دوران لیگی رکن مریم اورنگزیب نے صوبائی بجٹ کا بل پیش کیا،اخراجات کے تخمینے کی مالیت 358ارب سے زائد ہے جو یکم تا 31مارچ تک کےلئے ہے،358ارب 94کروڑ سے زائد ماہانہ بجٹ میں ترقیاتی و غیر ترقیاتی اخراجات شامل ہیں جبکہ مارچ کےلئے بنائے گئے بجٹ کا بڑا حصہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں و پنشن کےلئے مختص ہے،جاری ترقیاتی سکیموں کی ضروری ادائیگیوں کےلئے رقم بھی رکھ دی گئی۔

مریم اورنگزیب کی جانب سے ایک ماہ کے جاری اخراجات کی منظوری کےلئے تحریک ایوان میں پیش کیے جانے کے بعد سپیکر نے فلور اپوزیشن رہنما رانا آفتاب کو دےدیا جس پر انہوں نے تحریک اخراجات پر اعتراض اٹھا دیا، اس موقع پر اپوزیشن و حکومتی اراکین ایک دوسرے کیخلاف نعرے لگاتے رہے ،حکومتی رکن خواجہ عمران نذیر اور اپوزیشن رکن ندیم قریشی کے درمیان نوک جھونک بھی ہوئی،بعد ازاں اپوزیشن اعتراضات اور نعرے بازی کے دوران بجٹ کا تخمینہ پنجاب اسمبلی میں منظور ہوگیا، سپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا۔