لاہور (خبرنگار) مین برکی روڈ پر پیراگون ہاﺅسنگ سوسائٹی کے قریب بائی لاز کے برعکس وسیع و عریض رقبے پر سکول کی تعمیر دھڑلے سے جاری، بلڈنگ انسپکٹر عزیز بھٹی زون نے مبینہ طور پر اپنی دیہاڑی کے چکر میں بلدیہ عظمیٰ کو نقشہ و کمپوزیشن فیس اور ایل ڈی اے کو کمرشلائزیشن فیس کی مد میں کروڑوں روپے کے ریونیو سے محروم کردیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ متعلقہ بلڈنگ انسپکٹر نے 9 کنال کمرشل اراضی پر سکول کی غیر قانونی تعمیر شروع کروا رکھی ہے، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ پراپرٹی کا رہائشی نقشہ ایم سی ایل سے پاس کروایا گیا تھا جس پر کمرشل تعمیر جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مذکورہ پراپرٹی پر کمپوزیشن فیسوں کی ادائیگی کا قانون لاگو ہوتا ہے جو لگ بھگ 10 لاکھ روپے تک بنتا ہے تاہم اس کے علاوہ ایل ڈی اے اڑھائی کروڑ رپے تک کمرشلائزیشن فیس کی مد میں اکھٹے ہونا تھا مگر مذکورہ بلڈنگ انسپکٹر نے لمبی دیہاڑی لگا کر دونوں محکموں کو بہت بڑی آمدن سے محروم کردیا ہے۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ عزیز بھٹی زون انتظامیہ نے سینکڑوں غیر قانونی تعمیرات کی سرپرستی شروع کر رکھی ہے جس کے باعث ایم سی ایل کے خزانے کو کروڑوں روپے کے خسارے میں مبتلا کیا جا رہا ہے۔ لیکن یہاں قابل تشویش بات یہ ہے کہ ایم سی ایل کے قابل ترین افسر اس اندھیر نگری سے بالکل لاعلم ہیں۔ اس حوالے سے جب زونل افسر پلاننگ سمرہ منظور سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں مذکورہ پراپرٹی کا کمپوزیشن پلان جمع ہے اب فیسوں کا تعین کر کے چالان بنا دیا جائیگا۔
بلڈنگ بائی لاز کے برعکس سکول کی تعمیر جاری، سرکاری خزانے کو کروڑوں کا نقصان



















