لاہور (اپنے رپورٹر سے) مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کا آج ( پیر ) انتخاب ہوگا، اس موقع پر کوئی بدمزگی، غیرپارلیمانی حرکت نہیں کرنے دی جائے گی ، ہم اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں، کوئی تضحیک کی کوشش کریگا تو یہ ناقابل قبول ہوگا،قیدی نمبر 804کی بات ہو تو کسی سے انتقام کی سیاست نہیں کرنا چاہتے، نو مئی کے کیسز کا جواب کورٹ میں دینا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں مریم نواز کے وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ماضی میں اقلیت کو اکثریت پر فوقیت دی گئی ،2018میں مسلم لیگ (ن) بڑی جماعت تھی مگر پھر بھی ہماری حکومت نہیں بننے دی گئی۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز بھاری اکثریت سے کامیاب ہونے جا رہی ہیں ، وہ آج ( پیر ) وزیر اعلی پنجاب بن جائیں گی، اسحاق ڈار ارکان اسمبلی کی دعوت پر معاونت کے لئے پنجاب اسمبلی آئے، تمام ایم پی ایز وزیر اعلی کے لئے ووٹ اوپن دیں گے۔انہوںنے کہا کہ حافظ فرحت عباس نے بےہودہ زبان استعمال کی، احتیاط کریں ہاﺅس بنی گالہ نہیں ہے، پنجاب اسمبلی کے اندر اگر حدود میں رہیں گے تو اچھا ہوگا، اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے ، اگر خاتون وزیر اعلی کی توہین کی گئی تو ناقابل برداشت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اسلم اقبال کو بل سے باہر نکلنا ہے یا ٹک ٹاک پر بیٹھ کر جیمز بانڈ بننا ہے، آج (پیر ) ایوان میں کوئی بدمزگی، غیرپارلیمانی حرکت نہیں کرنے دی جائے گی ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ قیدی نمبر 804کی بات ہو تو کسی سے انتقام کی سیاست نہیں کرنا چاہتے، نو مئی کے کیسز کا جواب کورٹ میں دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی فارم 45والا معاملہ نہیں چلے گا ،جعلی فارم 45پر بیٹھ کر رمضان المبارک میں پکوڑے کھائے جا سکتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مریم نواز کے وزارت اعلی میں بہت سی نئی چیزیں دیکھنے کو ملیں گی،مریم نواز کے کندھے کے ساتھ نوازشریف کھڑے ہیں جن کی سیاسی بصیرت و اہلیت کو سیاسی دشمن بھی انکار نہیں کر سکتے۔ انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بجلی کے فری یونٹ کےلئے کام ہو رہا ہے ۔
وزیراعلیٰ کے انتخاب پر کوئی غیرپارلیمانی حرکت نہیں کرنے دی جائےگی:عظمیٰ بخاری



















