ملکی مفادات مقدم، ترقی کےلئے خلوص دل سے کام کرینگے‘ شہبازشریف

لاہور:(خبر نگار)صدر ن لیگ ونامزد وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے سیاسی مفادات نہیں ،ملکی مفادات کو مقدم رکھنا ہے،ان خیالات کا اظہارا نہوںنے بلوچستان سے نومنتخب اراکین قومی وصوبائی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

شہباز شریف نے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اور پارٹی رہنماﺅں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہاآپ سب کی کاوشوں سے سیاسی استحکام کی صورت پیدا ہورہی ہے، پاکستان و بلوچستان کی ترقی کےلئے سب ملکر خلوص دل سے کام کریں گے۔

دریں اثنا شریف میڈیکل ٹرسٹ سٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاچیئرمین شریف میڈیکل ٹرسٹ نوازشریف اورنامزد وزیراعلیٰ مریم نواز کوسلام پیش کرتا ہوں، والد میاں شریف کالگایا گیا پودا درخت بن چکا ،عظیم والدین، قوم کے معماروں اور اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہزاروں طلبہ خدمت کے حصول کیلئے محنت کررہے ہیں، آپ کا پیشہ مسیحائی ہے،عملی میدان میں جاکر دکھی انسانیت کی خدمت کریں۔

نامزد وزیراعظم نے کہاصحت ،بیماری ،زندگی اور خوشی، غمی اللہ کے ہاتھ میں ہے، آپ کے ذریعے جو مریض صحت یاب ہوں گے وہ قیامت تک دعائیں دیں گے، مقدس پیشے کا یہی نچوڑ ہے آپ نے ذاتی پسند ، ناپسند کوبالائے طاق رکھ کر دکھی انسانیت کی خدمت کرنی ہے۔