آٹھ فروری کا الیکشن قوم سے مذاق، 50ارب جعلی مشق پر ضائع کردیا: سراج الحق

لاہور (اپنے نمائندے سے) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ 8فروری کا الیکشن قوم سے مذاق تھا، 50ارب جعلی مشق پر ضائع کیا گیا، الیکشن کے نتیجہ میں بننے والی کمپنی زیادہ دیر نہیں چلے گی، مذاق کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کریگی۔ عوام نے جن دو خاندانوں سے نجات کیلئے ووٹ دیے انہیں ہی دوبارہ مسلط کیا جا رہا ہے۔ اداروں نے غیرجانبداری کا مظاہرہ نہ کر کے قوم کے اعتماد کو مجروح کیا، ملک کی آبادی کا 65فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے، موجودہ الیکشن سے ان کے جمہوریت پر اعتماد کو ٹھیس پہنچی، جماعت اسلامی سویلین بالادستی کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی، 26فروری کو اسلام آباد میں جمہوریت بچا کانفرنس میں سول سوسائٹی کے نمایندوں، الیکشن جائزہ پر مامور آزاد مبصرین، وکلا، صحافیوں اور دانشوروں کو مدعو کیا ہے، مشاورت سے آیندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، دھاندلی کو بے نقاب کرنے کیلئے تمام آئینی و جمہوری راستے اختیار کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے آئی یوتھ کی مرکزی کونسل کے ذمہ داران کے منصورہ میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ قادیانی مسئلہ پر دیے گئے فیصلہ پر نظرثانی کریں۔ قادیانیت کے پیروکار آئین پاکستان کو تسلیم نہیں کرتے، انھیں اقلیتوں کو ملنے والے تمام حقوق اسی صورت حاصل ہوں گے جب وہ آئین کو تسلیم کریں گے، مسئلہ قادیانیت پر چیف جسٹس کے بیان اور فیصلہ سے قوم کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے، جماعت اسلامی نے 26فروری کو وکلا سے مشاورت کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلہ پر نظرثانی کی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، امید ہے کہ چیف جسٹس اس سے قبل ہی فیصلہ کو واپس لیں گے۔ انہوں نے سرگودھا سے شعبہ تعلیم سے وابستہ ابوبکر کے غیر قانونی اغوا کی مذمت کی اور ان کی فی الفور بازیابی کا مطالبہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی شخص کسی غیرقانونی کام میں ملوث ہے تو اسے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے، کسی کو بھی غیرقانونی طریقے سے اٹھائے جانے کے رویوں کی ہمیشہ مذمت کی ہے، مسنگ پرسن کے معاملہ پر بھی ہمیشہ آواز اٹھائی، ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کیلئے آواز اٹھاتے رہیں گے۔