امیر بالاج ٹیپو قتل کیس میں اہم پیشرفت، طیفی اور گوگی بٹ کا سفری ریکارڈ حاصل

لاہور (کرائم رپورٹر) امیر بالاج ٹیپو قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے ،پولیس نے مقدمہ میں نامزد ملزمان طیفی بٹ اور گوگی بٹ کا سفری ریکارڈ حاصل کرلیا جس کے مطابق طیفی بٹ 19فروری کو دوبئی روانہ ہوا جبکہ گوگی بٹ کا بیرون ملک فرارہونے کا کوئی ریکارڈ نہیں ، پولیس کی جانب سے گوگی بٹ اور طیفی بٹ کے ساتھیوں کے گھروں پر بھی چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے، پستول وقوعہ کے وقت سب انسپکٹر شکیل بٹ نے اٹھا لیا تھا جسے برآمد کر لیا گیا ،حملے میں زخمی ہونے والے سابق ڈی ایس پی اکبر اقبال بلا کے بیٹے کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جبکہ حملہ آور مظفر کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔میڈیارپورٹس میں پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ امیر بالاج ٹیپو کو اتوار 18فروری کی شب ایک شادی کی تقریب میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ قتل کیس میں ملزم کے طریقہ کار سے متعلق اہم انکشاف سامنے آیا ہے کہ ملزم اندر داخل ہونے کے لیے کیمرہ مین بن کرگیا تھا۔ملزم ویڈیو بنانے کے لیے ا میربالاج کے قریب گیا جہاں اس کی تلاشی بھی لی گئی۔ذرائع کے مطابق امیر بالاج کے قریب آنے پر دوسری بار بھی ملزم کی تلاشی لی گئی تاہم اس سے کوئی مشتبہ چیز نہ ملی، ملزم کو تیسری بار امیر بالاج کے قریب جانے سے قبل وہاں موجود دیگر ساتھیوں نے اسلحہ دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آورنے اسی پستول سے امیربالاج پر فائرنگ کی اور اس حملے کے دوران ہی اس کے ساتھیوں نے ہوائی فائرنگ شروع کردی۔پولیس ذرائع کے مطابق امیر بالاج ٹیپو کو قتل کرنے والے حملہ آور مظفر کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے ۔مظفر حسین کی لاش اسکی موجودہ بیوی حلیمہ بی بی اور سابقہ بیوی پروین نے وصول کی ۔مظفر حسین کو اسکی بیوی حلیمہ بی بی نے میانوالی دفنانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد ملزم طیفی بٹ اور گوگی بٹ کی ٹریول ہسٹری بھی پولیس نے حاصل کر لی ۔طیفی بٹ 19فروری کو اسلام آباد سے دبئی روانہ ہوا جبکہ ملزم گوگی بٹ کا بیرون ملک فراز ہونے کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے۔پولیس کی جانب سے گوگی بٹ اور طیفی بٹ کے ساتھیوں کے گھروں پر بھی چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سب انسپکٹر شکیل بٹ کو پولیس نے حراست میں نہیں لیا، عینی شاہد کے طور پر شامل تفتیش کیا ہے، پستول وقوعہ کے وقت شکیل بٹ نے اٹھا لیا، انویسٹی گیشن پولیس نے آلہ قتل شکیل بٹ سے برآمد کر لیا ہے۔دوسری جانب حملے میں زخمی ہونے والے سابق ڈی ایس پی اکبر اقبال بلا کے بیٹے کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، زخمی عثمان اکبر کو ایک گولی جگر میں لگی جس کا ایک اور آپریشن بتایا گیا ہے۔واضح رہے کہ امیر بالاج ٹیپو کے والد ٹیپو ٹرکاں والا کو بھی 2010میں دیرینہ دشمنی کی پاداش میں قتل کر دیا گیا تھا۔