ن لیگ اپنی اصلاح کرے،عمران خان کو نفرت کی سیاست چھوڑنا ہو گی،سعدرفیق

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)سابق وفاقی وزیر ورہنما ن لیگ سعدرفیق نے کہاہے عمران خان کو نفرت کی سیاست چھوڑنا ہو گی،ن لیگ غلطیوں کی نشاندہی کرکے اپنی اصلاح کرے، الیکشن میں امیر جیت گئے ،غریب ہار گئے،ریاستی اداروں اور سیاستدانوں کو آپس میں بات کرنا ہو گی ورنہ دشمن فائدہ اٹھائے گا۔

کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سعدرفیق نے کہاچیف الیکشن کمشنرسے کوئی شکایت نہیں لیکن حلقے سے ناانصافی کی گئی، انتخابات میں میرے حلقے کے ٹکڑے کئے گئے، عدالتوں ،الیکشن کمیشن نے شکایت نہیں سنی ،امیر اپنے ملازمین کو گاڑیوں میں لائے اور ووٹ ڈلوائے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہاعمران خان نے ڈیجیٹل میڈیا کی طاقت کو استعمال کیا،2010 میں عمران پراجیکٹ تیار کرکے نفرت کے بیج بوئے گئے، نفرت کے بیج کس نے بوئے بات اب واضح ہونی چاہیے، پاکستان کو بیرون ملک سے کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، نفرت و تلخی کے ماحول میں انتخابات کو سب کیسے تسلیم کریں گے ؟۔

لیگی رہنما نے سوال کیااگر پنجاب میں ن لیگ جیتی تو کیا کے پی ، سندھ اور بلوچستان میں دھاندلی نہیں ہوئی؟ نواز شریف کا اثاثہ چھیننے کی باتیں ہو رہی ہیں،مجھے خطرہ ہے ایک دوسرے کو راستہ نہ دیا گیا تو نازک جمہوریت کو آخری موقع ہو گا،کوئی انتقام، بدلہ نہیں، ملکر آگے بڑھنا چاہیے، لوگوں کے تن پر کپڑا، پیٹ میں روٹی نہیں، چھت نہیں، چوک چوراہوں میں مانگنے والوں کی تعداد بڑھ گئی ، لوگوں کا مینڈیٹ چھیننے والے کہاں گئے۔