سانگلاہل:(سفیر آصف)سابق وفاقی وزیر امور کشمیر،گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ ماضی کی شاندار کارکردگی کو دیکھتے ہوئے عوام نے انتخابات میں نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کو بھاری تعداد میں ووٹ دئیے ہیں، نواز شریف پارٹی قائد ہیں ،شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز سمیت تمام رہنما کارکن کے طور پر نواز شریف کی قیادت میں ملک کی ترقی کےلئے کردار ادا کریں گے،وہ اپنے پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔
اس موقع پر چوہدری محمد عاصم رندھاوا،چوہدری عابد حسین جٹ ار سابق کونسلر شفقت علی بھی موجود تھے۔
برجیس طاہر نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی کامیابی عوام کی کامیابی ہے، پہلی ترجیح ملک کی معیشت کو سنبھالنا اور عوام کی زندگیوں میں آسودگی اور خوشحالی لانا ہے، موجودہ حالات میں ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے لیکن عمرانی ٹولے نے ایک بار پھر دھاندلی کا واویلا شروع کردیا ہے، خیبر پختوانخواہ سمیت جہاں سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار جیتے ہیں وہاں شفاف انتخابات ہوئے لیکن جہاں ان کے مخالفین جیتے ہیں وہاں دھاندلی کا شور مچایا جارہا ہے لیکن عوام اب ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے،انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی وزیر اعلیٰ پنجاب کے طو رپر نامزدگی احسن فیصلہ ہے اور ان شا اللہ وہ صوبے کی تعمیر وترقی کے ذریعے اپنی اہلیت کو ثابت کریں گی۔
دھاندلی کا شور مچانے والے ناکام ہوں گے، برجیس طاہر



















