لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کی اور پولیس ملازمین کے مسائل اور پیش کردہ درخواستیں سن کر ریلیف بارے احکامات جاری کئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کانسٹیبل صدیق کے بیٹے کی بھرتی کی درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کو کاروائی کی ہدایت کی، انسپکٹر اکبر غنی کی دوسرے ضلع میں تبادلے کی درخواست ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو میرٹ کے مطابق کاروائی کیلئے بھجوا دی۔ انسپکٹر غلام عباس مرحوم کی اہلیہ کی درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کو ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا۔ ڈرائیور کانسٹیبل ظہور احمد کی درخواست پر آر پی او فیصل آباد کو فوری کاروائی کے ذریعے ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا۔ سب انسپکٹرز اعجاز اسلم اور فرخ شہزاد کی پروموشن درخواستوں پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کو کاروائی کی ہدایت کی، سیالکوٹ کے کانسٹیبل بابر مشتاق کی درخواست اے آئی جی ڈسپلن کو فوری کاروائی کیلئے بھجوا دی جبکہ ہیڈ کانسٹیبل ریاست علی اور سید ثاقب محمود کی ٹرانسفر درخواستوں پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کو میرٹ کے مطابق کاروائی کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ ملازمین کی پیش کردہ درخواستوں پر فوری کاروائی کرکے رپورٹس سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ فورس کی ویلفیئر اولین ترجیحات میں شامل ہے، میرٹ کے مطابق تما م درخواستوں پر ملازمین کو ہر ممکن ریلیف دیا جائیگا۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والے قانون شکنوں کوقانونی کاروائی کیلئے تیار رہنے کا پیغام دیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے شادمان میں آبشار خدمت مرکز سے خصوصی ویڈیو پیغام میں کہاکہ جن شہریوں نے ابھی تک لائسنس حاصل نہیں کئے وہ سخت قانونی کاروائی کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہو جائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ شہریوں کو باآسانی لائسنس حصول کی سہولت دینے کیلئے پہلے صوبے کے تمام لائسنس سنٹرز کو ٹھیک کیا۔آن لائن ڈرائیونگ لائسنس کے اجرائ میں تمام رکاوٹیں دور کیں،لگ بھگ 34 سے زائد قوانین میں ترمیم کی گئی جس کے بعد شہریوں کو اب صرف ٹیسٹ دینے کیلئے ڈرائیونگ سنٹرز پر آنا پڑتا ہے، باقی تمام سہولیات آن لائن ہوچکی ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی تمام سہولیات کی فراہمی کے بعد اب چیکنگ کا وقت شروع ہوگیا ہے، ایک دو روز میں صوبے کے تمام اضلاع میں شاہرات پر لائسنس چیکنگ کا عمل دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ اب بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر اب کوئی رعایت نہیں ہوگی: آئی جی



















