لاہور (مشرق نیوز) پاکستان کا اگلا وزیراعظم کون ہوگا اس حوالے سے پرانے اتحادی ایک بار پھر سرگرم ہو گئے، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی میں نمبرز گیم پوری کرنے کی کوششیں شروع کر دیں۔ نئی حکومت کی تشکیل کیلئے مسلم لیگ(ن)، پیپلزپارٹی، ق لیگ اور ایم کیوایم کے درمیان مشاورت کا سلسلہ جاری ہے اس حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا جبکہ قائد مسلم لیگ(ن) نواز شریف سے چودھری شجاعت حسین کی ملاقات بھی اسلام آباد میں ہوگی۔
دوسری جانب گزشتہ روز شہباز شریف کی قیادت میں لیگی وفد کی آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات ہوئی جس میں ملکی مجموعی صورتحال اور مستقبل میں سیاسی تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ لیگی قیادت نے وفاق میں حکومت بنانے کیلئے پیپلزپارٹی سے تعاون مانگ لیا جبکہ دونوں جماعتوں نے ملک کو سیاسی استحکام سے ہمکنار کرنے کیلئے تعاون کرنے پر اصولی اتفاق کیا۔
ملاقات کے دوران قائدین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکثریت نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، ہم عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ ادھر مسلم لیگ(ن) نے وزارت عظمیٰ کیلئے پیپلزپارٹی سے تعاون کی درخواست کر دی ہے جبکہ لیگی قیادت صدر پاکستان، سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ کے عہدے پیپلز پارٹی کو دینے کیلئے تیار ہے۔مسلم لیگ(ن) نے پاکستان پیپلز پارٹی کو وزیر اعلیٰ بلوچستان سمیت وفاق اور پنجاب میں اہم وزارتوں کی بھی پیشکش کر دی۔
کون بنے گا وزیراعظم ؟ پرانے اتحادی پھر سرگرم، جوڑ توڑ شروع



















