سعودی عرب کے نیوم نے نیویارک میں پہلا امریکی دفتر کھول دیا

ریاض (مشرق نیوز) سعودی عرب کے نیوم نے مین ہٹن کے 50 ہڈسن یارڈز پر نیویارک شہر میں اپنا پہلا امریکی دفتر کھول لیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں سعودی عرب کی سفیر شہزادی ریما بنت بندر اور نیوم کے سی ای او نظمی النصر نے سرکاری افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔شہزادی ریما نے کہاکہ نیوم کے ممکنہ اثرات سعودی سرحدوں سے کہیں زیادہ پھیلے ہوئے ہیں اور یہ کہ نیوم کل کے شہروں کیلئے خاکے کے طور پر کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔نیوم کے سی ای او النصر نے بھی عالمی شراکت داری کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا، کاروبار اور مالیات کیلئے عالمی دارالحکومت کے طور پر نیویارک کی جو پوزیشن ہے، اس کی بنا پر ہم نے اسے اپنے دوسرے بین الاقوامی دفتر کے طور پر منتخب کیا ہے۔ایک مالیاتی ایگزیکٹو باب سٹیفانووسکی منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر نیوم کے امریکی دفتر کے سربراہ ہوں گے۔مملکت کے 500 بلین ڈالر کے کاروباری و سیاحتی منصوبے نے پہلے کئی پائیدار پرکشش مقامات کا اعلان کیا ہے مثلا لیجا، ایپیکون، سیرانا، اوتامو، نورلانا، اکویلم اور زاردون۔خطے میں سیاحت کو آگے بڑھانے کیلئے سعودی عرب نے اپنا سیاحتی ویزا باضابطہ طور پر ستمبر 2019میں شروع کیا اور اس کے بعد سے اس نے سیاحت کے شعبے کو فروغ دیا ہے۔