ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے نوجوان خون کو پولیس میں ویلکم کرینگے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس میں بھرتی کے خواہشمند امیدواران کے نام اہم پیغام کہا ہے کہ پولیس بھرتی کیلئے اپلائی کرنے والے تمام امیدواران اپنی پولیس ویری فکیشن لازمی کروائیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس میں 11 ہزار کانسٹیبلز کی نئی بھرتیوں کی اجازت مل گئی، میرٹ، میرٹ اور صرف میرٹ پر بھرتی ہونے جا رہی ہے۔ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے نوجوان خون کو پنجاب پولیس میں ویلکم کریں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ بہادر و فرض شناس جوان قواعد و ضوابط کے مطابق بھرتی کا عمل کا حصہ بن رہے ہیں تاہم پولیس بھرتی کیلئے اپلائی کرنے والے تمام امیدواران اپنی پولیس ویری فکیشن لازمی کروائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر من و عن عمل در آمد یقینی بنایا جا رہا ہے، انتخابی ضابطہ اخلاق، دفعہ 144، اسلحہ کی خلاف ورزی پر ذمہ داران کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں جاری ہیں، آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولنگ اسٹیشنز پر ہوائی فائرنگ، لڑائی جھگڑے اور انتخابی عمل کو سبوتاڑ پر بلا تفریق کاروائی ہوگی،5577 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی نفری، ڈولفن فورس اور کوئیک رسپانس سمیت دیگر ٹیمیں تعینات ہونگی، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ملک دشمن و شر پسند عناصر کو روکنے کیلئے بارڈر چیک پوسٹوں پر سخت نگرانی کا عمل جاری ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ پولیس افسران سکیورٹی ایجنسیز، آرمڈ فورسز، ضلعی انتظامیہ سمیت تمام اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، صوبائی، ریجنل، ڈویڑنل اور سی پی او کنٹرول رومز سے سکیورٹی انتظامات کی کلوز مانیٹرنگ کی جاری ہے۔علاوہ ازیں ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس شہدا کے اہل خانہ کی ویلفیئر کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مختلف اضلاع سے بھجوائی گئی پولیس شہدا کے بچوں کی فیملی کلیم پر بھرتی کی تمام درخواستوں کو نمٹا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب نے رواں ہفتے لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں 23 پولیس شہدا کے بچوں کوشہید فیملی کلیم پر جونیئر کلرک بھرتی کر نے کے احکامات جاری کیے ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس میں تاحال شہید کلیم پر بھرتی کا کوئی کیس زیر التواباقی نہیں رہا، آئی جی پنجاب نے کہاکہ گذشتہ ایک برس میں مجموعی طور پر 134 شہداپولیس کے بچوں کو فیملی کلیم پر ملازمت دی گئی جن میں 104 بچوں کو جونیئر کلرک، 21 کو نائب قاصد، 09 کو کلاس چہارم میں بھرتی کیا گیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ شہید کلیم پر بھرتی ہونے والوں میں لاہور پولیس کے 08 جبکہ فیصل آباد پولیس کے 04،ڈی جی خان، بہاولپور، نارووال، گوجرانوالہ، سرگودھا اور شیخوپورہ پولیس،ملتان، جھنگ، حافظ آباد، راجن پور اور ننکانہ پولیس کے ایک شہید کا بچہ شامل ہے جنہیں محکمہ کی جانب سے فیملی کلیم پر بھرتی کر لیاگیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ملک و قوم کے لئے جانیں قربان کرنے والوں کا قرض نہیں اتار سکتے اور انکے اہل خانہ کی ویلفیئر کیلئے اقدامات میں کمی نہیں آئے گی۔