شمالی وزیرستان، دہشتگرد سرغنہ ساتھی سمیت ہلاک،وانا میں دھماکہ،2اہلکارزخمی

راولپنڈی،وانا:(بیورورپورٹ)شمالی وزیرستان میں آپریشن، دہشتگردوں کا سرغنہ ایوب منصور ساتھی سمیت ہلاک ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ،فورسز ،دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، نتیجے میں سرغنہ ایوب منصور سمیت 2دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے،اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔

ہلاک دہشتگرد ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری ،بےگناہ شہریوں کے اغوا سمیت دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہاعلاقے کے مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہااور دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کےلئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

ادھرجنوبی وزیرستان کے علاقے رستم بازار وانا میں بارودی موادکے دھماکے میں2پولیس اہلکار زخمی ہوگئے،زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کےلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لےکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔