اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا ہے کہ خود کش حملے شریعت کے منافی، مسلح اقدام صرف ریاست کا استحقاق ہے۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 235 ویں اجلاس میں متعدد امور زیرغور آئے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کچھ عناصر کی طرف سے مسلح اقدامات متفقہ اعلامیہ پیغام پاکستان کےخلاف ہیں، جائز حقوق کیلئے شرعی مفاسد سے پاک احتجاج کا ہر طریقہ اختیار کیا جاسکتا ہے، جو احتجاج بذات خود کسی دوسرے غیرشرعی کام اور حرام امور پر مشتمل ہو وہ جائز نہیں، دوران احتجاج لوگوں کی جانوں کو ضائع کرنا، اذیت پہنچانا، املاک کو نقصان پہنچانا جائز نہیں، زبردستی لوگوں کو احتجاج میں شامل ہونے پر مجبور کرنا، گالم گلوچ کرنا جائز نہیں۔
قبلہ ایاز نے کہا امید ہے آئندہ پارلیمنٹ پیغام پاکستان کے فتوے اور اعلامیہ کو پارلیمانی تائید دلائیگی، کونسل نے احتجاج کے شرعی طریقے پر تفصیلی ضابطہ اخلاق کی منظوری دی، کاروبار مملکت کو اسلام کے بتائے اصولوں کے مطابق چلایا جائے، شہریوں کے حقوق کی ادائیگی و تحفظ، انسان کی بنیادی ضروریات روٹی، کپڑا اور مکان کی سستے داموں فراہمی کو یقینی بنایا جائے، کونسل نے قرار دیا کسی مسلمان کو کافر قرار دینا نہایت حساس معاملہ ہے۔
خودکش حملے شریعت کے منافی، مسلح اقدام ریاست کا استحقاق ہے: اسلامی نظریاتی کونسل



















