اسلام آباد: ( ) عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری پر مالی فراڈ کیس میں فردجرم عائد کرنے کیلئے 10 فروری کی تاریخ مقرر کردی ۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں سابق وزیر فواد چودھری کے خلاف مالی فراڈ کیس کی سماعت ہوئی ، فواد چودھری کے وکیل قیصر امام اور مرزا عاصم بیگ پیش ہوئے، سول جج سہیل نے کہا فرد جرم کی کارروائی شروع کردیتے ہیں، وکیل قیصر امام نے کہا میں نے ابھی کیس لیا ہے، فائل دیکھنے کے لیے وقت درکار ہے۔
فواد چودھری کی جانب سے بغیر ہتھکڑی لگائے عدالت میں پیش کرنے کی درخواست دائر کی گئی جس پر وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا فواد سپریم کورٹ کے وکیل ہیں اور وزیر رہ چکے ہیں لہٰذا ہتھکڑی نہ لگائی جائے ، جج نے کہا کیا ساری چیزیں فوادچودھری کو باقی قیدیوں سے بالاتر بناتی ہیں؟
وکیل نے کہا فواد چودھری کو کبھی منہ ڈھانپ کر اور کبھی ہتھکڑی لگا کر پیش کیا جاتا ہے، وہ میڈیا کی ہیڈ لائنز بنتے ہیں، نیچا دکھانے کے لیے سب کیا جاتا ہے، محتلف عدالتی فیصلے پیش کر دوں گا ہتھکڑی لگانے کا مقصد ملزم کو بھاگنے سے بچنے کے لیے ہے، برصغیر میں ہتھکڑی تذلیل کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔
جج نے کہا میں معاملے کو دیکھ کر مناسب آرڈر کروں گا، جج سہیل عدالت نے کیس کی سماعت 10 فروری تک ملتوی کر دی۔
فراڈ کیس: فواد چودھری پر فرد جرم کیلئے 10 فروری کی تاریخ مقرر



















