بلاول بھٹو تہذیب کے دائرے میں رہےں،جواب نہ دینا پارٹی پالیسی ہے،ن لیگ

لاہور :(اپنے رپورٹر سے) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے بلاول بھٹو زرداری کی زبان پر افسوس ہے، وہ تہذیب میں رہ کر اپنی کارکردگی پر بات کریں ، کوئی بھی آپ کی ذاتیات کی سیاست نہیں سننا چاہتا،بانی پی ٹی آئی نے گالم گلوچ کا کلچر شروع کیا تھا، چیئرمین پیپلزپارٹی کون سی ترقی لے کر سندھ سے پنجاب آرہے ہیں؟ ۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا پاکستان 1990ءکی دہائی میں اس گالم گلوچ کی سیاست کو دفن کرچکا تھا، بانی پی ٹی آئی نے گالم گلوچ کا کلچر شروع کیا، مریم اورنگزیب نے پی پی پی چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا بلاول بھٹو نئے نئے پنجاب آئے ہیں، وہ کون سی ترقی لے کر سندھ سے پنجاب آرہے ہیں؟،شاید انہوں پی کے ایل آئی ،دانش سکول اور دوسرے منصوبے نہیں دیکھے، سندھ کا بھی حق ہے کہ وہاں پنجاب جیسی سہولیات ہوں، پی ڈی ایم کے فیصلوں میں پیپلز پارٹی کے وزراءبھی برابر کے حصہ دار تھے، پی ڈی ایم کی مشاورت میں پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتیں موجود تھیں، بلاول بھٹو کی گفتگو تہذیب میں رہے گی تو نوازشریف جس کلچر کو لانا چاہتے ہیں وہ قائم ہوگا۔

ن لیگ کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا چیئرمین پیپلزپارٹی جس تیزی سے بانی پی ٹی آئی کو فالو کر رہے ہیں ان کےلئے دعا ہی کر سکتی ہوں بلاول بھٹو بانی پی ٹی آئی کی پوری قوم کو یاد دلا رہے ہیں، لوگوں کے نام بگاڑنا، تضحیک کرنا اب تو بلاول بزرگ ہونے کو بھی طعنہ سمجھتے ہیں،بلاول بھٹو کو جواب نہیں دے رہے یہ ہماری پارٹی پالیسی ہے، بلاول سمجھتے ہیں پی ٹی آئی کی زبان بول کر ووٹ لیں گے تو غلط فہمی ہے،سابق وزیر خارجہ کی یادداشت کافی کمزور ،نواز شریف نے کبھی کسی سے بدلہ نہیں لیا،بدلا لینا ہوتا تو 2013سے 2018تک ان کو ساتھ لے کر سی پیک اور کے فور پر نواز شریف سپورٹ نہ کرتے۔