غنڈہ عناصر اور کلاشنکوف کلچر کیخلاف آپریشن سست ، شہر میں ڈیرے پھر آباد

لاہور (حافظ کاشف سندھو سے) صوبائی دارالحکومت لاہور میں سابقہ سی سی پی او لاہور نے کلاشنکوف کلچر ، قبضہ گروپس اور غنڈہ عناصر کے خلاف کریک ڈاون کا آغاز کیا۔ اس کریک ڈاون کی سب سے خوش آئند بات یہ تھی کہ اس سے پولیس فورس کا مورال بہت زیادہ بلند ہوا جو کہ صرف با اثر لوگوں کے دروازوں پر رکھوالی کرنے کیلئے رہ گئی تھی۔ اس آپریشن کے دوران تھانوں میں بدمعاشوں کی حاضریاں لگوائی گئی جو کہ کلاشن کوف کلچر اور بدمعاشوں کی حوصلہ شکنی اور ان کی موت کے مترادف تھی۔ خوف کے مارے بہت سے قبضہ گروپ اورقانون شکن بیرون ملک بھاگ گئے، چند مارے گئے اور کچھ کو پابند سلاسل کردیا گیا لیکن ملک میں جاری غیر یقینی صورتحال اور سیاسی کشمکش نے بہت سے دوسرے معاملات کے ساتھ قانون شکن عناصر کیخلاف اس مہم کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے ۔اب یہ مہم محض کاغذوں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے ۔سیاسی جماعتوں کے نمائیدوں کی مبینہ سرپرستی اورآشیر باد کی وجہ سے شہر میں مجرموں کے ڈیرے پھر سے آباد ہوچکے ہیں۔ الیکشن کی گہما گہمی اور ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی دوڑ ،ووٹرز کو قابو کرنے ان پہ اپنا رعب و دبدبہ اور اپنی دھاک بٹھانے کیلئے امیدواران نے مبینہ طور پہ علاقے کے جرائم پیشہ لوگوں کو سپورٹ کرنا شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے مختلف ڈیروں پہ منعقد ہونے والی سیاسی جماعتوں کی کارنر میٹنگز میں غنڈہ عناصر اور اشتہاریوں کی سرعام ناجائز اسلحہ کے ساتھ جتھوں کی صورت میں شرکت کی وجہ سے شہریوں کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں جس پہ قانون نافذکرنے والے اداروں نے کارروائی کرنے کی بجائے آنکھوں پر سیاہ پٹی باندھ لی ہے۔ اگر بھولے سے کوئی ناجائز اسلحہ کے ساتھ پکڑا بھی جائے تو فوری طور پہ سیاسی نمائندہ تھانے سے چھڑوا لے جاتا ہے اور ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جاتی۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے لاہور میں قانون شکنوں کے ڈیرے سیاسی سرگرمیوں کی وجہ سے پھر سے آباد ہو گئے ہیں اور شوٹرز پھر سے منظم ہو کہ قتل وغارت کے ساتھ ڈکیتیوں میں بھی ملوث پائے جانے لگے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رپورٹس کے مطابق لاہور شہر میں دو درجن سے زائد بڑے گینگز کے پاس 150 سے زائد کرائے کے قاتل (شوٹرز ) موجود ہیں۔ ڈیروں پر منعقدہ کارنر میٹنگز میں غنڈہ عناصر کی ناجائز اسلحہ اور جتھوں کی صورت میں شرکت کو فوری نہ روکا گیا تو عام شہریوں اور سیاستدانوں کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ شہریوں و سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب ، آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور سے ناجائز اسلحہ اور قانون شکن عناصر کے خلاف فوری طور پہ بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے جو کہ اس وقت انتہائی سست روی کا شکار ہے۔ سنجیدہ سماجی رہنماو¿ں اور شہریوں نے آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے ان بدمعاشوں اور قبضہ گروپوں کے خلاف پہلے کی طرح بھر پور کارروائی کرتے ہوئے ناجائز اسلحے کے ساتھ جتھوں کی صورت میں کارنر میٹنگز میں شرکت سے روکا جائے اور ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں دوبارہ سے تھانوں میں حاضری کا پابند کیا جائے۔