آئی جی پنجاب پولیس ترقیاتی پراجیکٹس کی جلد تکمیل کیلئے سرگرم ،علی الصبح مختلف دفاتر کے دورے

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورلاہور سمیت مختلف اضلاع میں جاری پولیس ترقیاتی پراجیکٹس کی جلد تکمیل کیلئے سرگرم ہیں اور اس سلسلے میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے علی الصبح لاہور میں مختلف دفاتر کے دورے کرکے ہدایات جاری کیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے قربان پولیس لائنز میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی ٹیلی ٹرانسپورٹ کے زیر تعمیر دفاتر کے کاموں کا جائزہ لیا اورپولیس میس قربان لائنز کی اپ گریڈیشن کے کام کی انسپکشن، جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں آئی جی پنجاب شادمان میں زیر تعمیر میگا پولیس خدمت مرکز کی سائٹ پر پہنچے،ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس خدمت مرکز کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ پولیس خدمت مرکز پبلک سروس ڈلیوری کا شاندار پراجیکٹ ہے،تکمیل مقررہ مدت میں یقینی بنائیں، خدمت مرکز شادمان سے شہریوں کو پولیسنگ و ڈرائیونگ سمیت 14 سے زائد پولیس سروسز میسر آئیں گی، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس انفراسٹرکچر میں بہتری کا مقصد شہریوں کو پبلک سروس ڈلیوری کی فراہمی بہتر بنانا ہے۔ایم ڈی سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس، ڈی آئی جی ٹیلی ٹرانسپورٹ عمران احمر، ڈی آئی جی ایلیٹ منصور الحق رانا، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی، ایس ایس پی ٹیلی ٹرانسپورٹ اسد سرفراز خان، ایس ایس پی آپریشنز لاہور علی رضا، چیف آپریٹنگ آفیسر سیف سٹی مستنصر فیروز، اے آئی جی آپریشنز پنجاب ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، ایس پی ماڈل ٹاون اور اے ایس پی گلبرگ سمیت دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی پنجاب پولیس 2017 سے قبل کے پولیس شہدا کے ورثاءکو پلاٹس کی فراہمی کیلئے سرگرم عمل ہے اور اس سلسلے میں لاہورپولیس کے 8شہداءکے اہل خانہ کو رہائشی پلاٹس فراہم کر دئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کے شہدا کے اہل خانہ کو پلاٹس دینے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوئی جس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، نبیل جاوید، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو سنٹرل پولیس آفس آمد پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔نبیل جاوید نے آئی جی پنجاب کے ہمراہ یادگار شہدا پر حاضری دی، شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور نبیل جاوید سینئرممبر بورڈ آف ریونیو نے لاہور پولیس کے مزید 08 شہدائ کے اہلخانہ کو رہائشی پلاٹوں کے ملکیتی کاغذات دئیے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس اب تک 580 کے لگ بھگ شہدا کی فیملیز کیلئے رہائشی پلاٹوں کا انتظام کر چکی ہے، نیک افراد کے تعاون سے تمام سہولیات سے مزین ہاوسنگ سکیم میں شہدا کی فیملیز کیلئے رہائشی پلاٹس کا انتظام کیا گیا ہے۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ انڈوومنٹ فنڈ سے شہدا کے ورثا کو ان پلاٹس پر گھروں کی تعمیر کیلئے اقساط کی صورت مالی معاونت بھی کی جا رہی ہے، شہدا کے ورثا کیلئے پلاٹس کی فراہمی یقینی بنانے والے پولیس افسران اور پرائیویٹ ڈویلپرز کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ نبیل جاوید ممبر بورڈ آف ریونیو نے کہاکہ پنجاب پولیس کی جانب سے تمام شہدا کے اہل خانہ کیلئے پلاٹس فراہمی کا اقدام قابل ستائش ہے، پولیس شہدائ ہمارے ہیروز ہیں، انکے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر انعام وحید، ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر، اے آئی جی ڈویلپمنٹ صاحبزادہ بلال عمر سمیت سینئر افسران کی تقریب میں شرکت کی۔