بابری مسجد کی جگہ رام مندر کا افتتاح،اقدام بھارتی جمہوریت پر دھبہ ہے،پاکستان

نئی دہلی،اسلام آباد:(مشرق نیوز)مودی کی اسلام دشمنی،بابری مسجد کی جگہ بنائے گئے رام مندر کا افتتاح کردیا، ہندو پنڈتوں، اراکین اسمبلی، کھلاڑیوں،شوبز شخصیات سمیت 7 ہزار مہمانوں نے شرکت کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مندر میں 161 فٹ لمبے گلابی ریت کے پتھر کی عبادت گاہ پر گھنٹے تک جاری رہنے والی ”پران پرتیشتھا“ کے دوران رام للا کی نئی مورتی کی رونمائی کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا 22 جنوری صرف تاریخ نہیں بلکہ نئے دور کا آغاز ہے، میں تقریب کا حصہ بننے پر خود کو خوش قسمت سمجھتا اوربھگوان رام سے معافی مانگتا ہوں، محبت و تپسیا میں کچھ کمی تھی جس کی وجہ سے رام مندر کی دوبارہ تعمیر میں اتنے برس لگ گئے لیکن خلا پورا ہوگیا۔

وزیراعظم نے کہا آئین کے وجود میں آنے کے بعد بھی رام مندر کے حصول کےلئے کئی دہائیوں تک قانونی جنگ لڑی،عدلیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے انصاف فراہم کیا،دوسری جانب اپوزیشن جماعت کانگریس سمیت دیگر جماعتوں نے رام مندر کے افتتاح کو انتخابات میں ہندو ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کےلئے ڈرامہ ،سازش قرار دیتے ہوئے تقریب کابائیکاٹ کیا۔

دوسری جانب پاکستان نے منہدم بابری مسجد کی جگہ رام مندر تعمیر کرنے کی مذمت کرتے ہوئے مسلمانوں کی پسماندگی بڑھانے کی کوشش قرار دےدیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان ایودھیا میں رام مندر کی تعمیرکی مذمت کرتا ہے،شہید کی گئی مسجد کے مقام پر مندر کی تعمیر آنےوالے وقتوں میں بھارتی جمہوریت کے چہرے پر دھبہ بنے گی،بابری مسجد کو 6 دسمبر 1992 کو انتہا پسند گروہ نے شہید کیا ،بھارتی اعلیٰ عدلیہ نے گھناو¿نے کام میں ملوث جرائم پیشہ افراد کو بری کرتے ہوئے وہاں مندر کی تعمیر کی اجازت بھی دی،اقدام سیاسی، معاشی و سماجی طور پر مسلمانوں کی پسماندگی بڑھانے کی کوشش کا حصہ ہے۔