سفارتکاروں کی نااہلی، امریکہ میں اوورسیز پاسپورٹ، شناختی کارڈ اور پاکستان کا ویزا لینے کیلئے رل گئے

نیویارک (خواجہ فاروق) سفارتکاروں کی نااہلی، امریکہ میں اوورسیز پاسپورٹ، شناختی کارڈ اور پاکستان کا ویزا لینے کیلئے رُل گئے، شکایات کا انبار، فوکل پرسن اوورسیز پاکستانیز نارتھ امریکہ سید علمدار شاہ اور سینئر صحافی کامل احمر نے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ اوورسیز پاکستانیوں نے دہائی دیتے ہوئے کہا کہ نیویارک، شکاگو، ہیوسٹن اور لاس اینجلس قونصلیٹ نے جینا محال کردیا، قونصلیٹ کے افسروں کو کرپشن اور عوام کی تذلیل کرنے کی کھلی چھٹی ہے، کوئی بھی کام چمک کے بغیر نہیں ہوتا، پاسپورٹ، شناختی کارڈ اور پاکستانی ویزے کے حصول کیلئے چکر لگا لگاکر تھک گئے لیکن کوئی امید نظر نہیں آتی، شہریوں کی کثیر تعداد حج و عمر ہ پر جانے کیلئے پاسپورٹ، شناختی کارڈ اور ویزے کی منتظر ہے لیکن قونصلیٹ اور نادرا کا عملہ بغیر چمک بنانے سے انکاری ہے، ارجنٹ فیس جمع کرانے کے باوجود کئی کئی ماہ پاسپورٹ، شناختی کارڈ، ویزا نہیں ملتا، نارمل فیس کےساتھ ملنا تو کسی خواب سے کم نہیں۔ اوورسیز نے مزید کہا رابطہ کرنے پر کہا جاتا ہے جاﺅ نادرا سے رابطہ کرو، بغیر ٹاﺅٹ شناختی کارڈ، پاسپورٹ بنوانے اور تجدید سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے آنیوالے سائلوںکو خوار کیا جاتا ہے، سرکاری نمبرز پر کوئی فون تک اٹھانا گوارا نہیں کرتا، اگر کوئی غلطی سے کال اٹھا لے تو دھتکار دیا جاتا ہے، مسائل کے بڑھتے انبار نے زندگی اجیرن بنادی۔ واشنگٹن ڈی سی میں تعینات پاکستانی سفیر سردار مسعود کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی، سفارتکار برملا کہتے ہیں حکومت کچھ نہیں بگاڑ سکتی، اپنی مرضی سے آتے اور جاتے ہیں۔ ادھر فوکل پرسن اوورسیز پاکستانیز نارتھ امریکہ سید علمدار شاہ اور سینئر صحافی کامل احمر نے کہا ہے حکومت فوری سفارتکاروں کی نااہلی کا نوٹس لے، اوورسیز پاکستانی مسائل کے حل کیلئے بھٹک رہے ہیں،فوری کمیشن بناکر تحقیقات کی جائیں اور نااہل سفارتکاروں کو ہٹا کر عوام کی داد رسی کرنے والوں کو تعینات کیا جائے، حکومت نے نوٹس نہ لیا تو اوورسیز پاکستانیوں میں مزید بددلی پھیلے گی اور نفرت میں اضافہ ہوگا، واضح رہے نااہل سفارتکاروں سے تنگ اوورسیز حکومت پاکستان کیخلاف بھی سراپا احتجاج بن گئے۔