لاہور (اپنے نمائندے سے) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے ملک میں زہریلی پولرائزیشن کے خاتمے کیلئے گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، جماعت اسلامی 8فروری کے بعد کامیاب ہوکر تمام سیاسی پارٹیوں کو میز پر لائیگی تاکہ نفرتوں کا خاتمہ ممکن بناکر مستحکم پاکستان کی بنیاد رکھی جائے۔ دیرپائن میں اپنے حلقہ انتخاب این اے 6میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افراد میں اختلاف رائے معاشرے کی تنوع اور ترقی کا باعث بنتا ہے۔ گالم گلوچ اور تشدد موجودہ انتشار اور تقسیم کی وجہ ہے جو گزشتہ چند سالوں سے خوفناک شکل اختیار کرگیا ہے ، حکمران پارٹیوں نے سیاسی و معاشرتی تقسیم بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا،جماعت اسلامی اس تقسیم کو ختم کریگی۔ امیدوار صوبائی اسمبلی صاحبزادہ یعقوب خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سراج الحق نے بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر 40سالہ معاشی منصوبہ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ جماعت اسلامی نے الیکشن منشور میں جہاں پانچ سالہ انقلابی منصوبہ دیا ہے وہیں وہ تمام بنیادی نکات وضح کیے ہیںجو لانگ ٹرم کیلئے ملک کی ضرورت ہیں ، منتخب ہوکر منشور پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے،خواتین اور بچیوں کی تعلیم کے لیے جماعت اسلامی ہر ڈویژن کی سطح پر بہترین یونیورسٹیاں بنائے گی، پرائمری ایجوکیشن کو جدید خطوط پر استوار کیا جائیگا، بچیوں کی تعلیم لازمی قرار دیں گے۔ ریلوے انفراسٹرکچر کی بہتری پر توجہ دی جائے گی، توانائی کے شعبے میں جدت لائیں گے۔
زہریلی پولرائزیشن کے خاتمے کیلئے گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کی ضرورت ہے :سراج الحق



















