میدانی علاقوں میں شدید دھند، موٹرویز مختلف مقامات سے بند ، پروازوں، ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر

لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب سمیت ملک کی میدانی علاقوں میں شدید دھند برقرار ہے، حد نگاہ کم ہونے کے وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا، لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق شدید دھند اور سردی کی وجہ سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہو رہا ہے ، شدید دھند کی وجہ سے پشاور اسلام آباد موٹروے کو صوابی سے رشکئی اور پشاور ٹول پلازہ، ایم 2 کو بلکسر سے کوٹ مومن، ٹھوکر نیاز بیگ سے پنڈی بھٹیاں، ایم 3 کو فیض پور انٹرچینج سے درخانہ انٹرچینج تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ایم 4کو شور کوٹ انٹرچینج سے عبدالحکیم انٹرچینج اور پنڈی بھٹیاں انٹرچینج سے شیر شاہ انٹرچینج، ایم 5کو اوچ شریف انٹرچینج سے رحیم یار خان انٹرچینج اور روہڑی ٹول پلازہ سے گڈو انٹرچینج، ایم 11کو کالا شاہ کاکو سے سمبڑیال ٹول پلازہ اور ایم 14 کو کوٹ بیلیاں کھڑپہ تک بند کر دیا گیا۔ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10سے شام 6بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔سید عمران احمد نے مزید کہا ہے کہ مسافر ڈرائیونگ کے دوران آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں، کسی بھی معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔ دوسری طرف کراچی اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں سے لاہور آنے اور جانے والی ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔کراچی سے آنے والی پاک بزنس ایکسپریس 9 گھنٹے 20 منٹ تاخیر کا شکار ہوئی، پاکستان ایکسپریس 6 گھنٹے 30 منٹ، رحمان بابا ایکسپریس 6 گھنٹے 25 منٹ، قراقرم ایکسپریس ساڑھے 5 گھنٹے تاخیر سے پہنچی۔ ملت ایکسپریس 5 گھنٹے 10 منٹ، علامہ اقبال ایکسپریس 4 گھنٹے 10 منٹ، عوام ایکسپریس 3 گھنٹے 10 منٹ، خیبر میل ایکسپریس 2 گھنٹے 55منٹ اور تیز گام ایکسپریس 2 گھنٹے 50 منٹ لیٹ ہوئی۔ گرین لائن ایکسپریس اڑھائی گھنٹے، کراچی ایکسپریس 2 گھنٹے 20 منٹ، فرید ایکسپریس ایک گھنٹہ 40 منٹ اور جعفر ایکسپریس ایک گھنٹہ 35 منٹ تاخیر کا شکار ہوئی۔