اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ عالمی ہیلتھ سکیورٹی سمٹ یقینی طورپر مثبت نتائج مرتب کرے گا۔نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیابھر سے آئے ہوئے مندوبین کو خوش آمدید کہتا ہوں،عالمی ہیلتھ سکیورٹی سمٹ یقینی طورپر مثبت نتائج مرتب کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا نے اربوں لوگوں کو بیروزگار کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں لوگ کورونا کے باعث زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ پاکستانی علاقوں کے لئے ڈبلیو ایچ او نے اہم کردار ادا کیا، صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے موثر اقدامات کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان عالمی سطح پر صحت کے شعبے کےلئے مدد اور اقدامات کرتا رہا ہے۔نگران وفاقی وزیر برائے قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان نے گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی کانفرنس میں 70 سے زائد ممالک کے وفود نے شرکت کررہے ہیں، گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ میں شرکت پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ عالمی کانفرنس میں وزراءصحت، چوٹی کے ماہرین اور سفرا شریک ہوئے۔عالمی صحت کی حفاظت کیلئے ذمہ داران کے طور پر ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ نظام صحت کی بنیادوں کو مضبوط بنائیں۔ دنیا بھر سے وفود کی شرکت باہمی تعاون کے جذبے کی مثال ہے۔انہوںنے کہاکہ سمٹ صحت عامہ کے پائیدار نظام کی تعمیر کیلئے مشترکہ عزم ہے،پاکستان محفوظ دنیا اور صحت کیلئے اجتماعی کوششوں کو آگے بڑھا رہا ہے۔ ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ پاکستان صحت سے متعلق شعبوں کو مضبوط بنانے کیلئے اہم موڑ پر کھڑا ہے،سربراہی اجلاس ہمارے انفرادی صحت کے نظام کو مضبوط کرے گا۔ سکیورٹی سمٹ عالمی صحت کے تحفظ کو جدید بنیادوں پر استوار کریگا۔ کانفرنس میں صحت کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ رد عمل کا اظہار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سمٹ کے تمام شرکاءکی کاوشوں اور لگن کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ انشاءاللہ اس سمٹ سے آنے والی نسلوں کیلئے صحتمند مستقبل کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے، وائرس کی کو سر حد نہیں ہوتی ہے۔اقوام عالم کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے مربوط حکمت تشکیل دی جارہی ہے۔عالمی ہیلتھ سکیورٹی سمٹ کی افتتاحی تقریب سے مختلف غیر ملکی وفود کے سربراہان نے بھی خطاب کیا۔
عالمی ہیلتھ سکیورٹی سمٹ عالمی صحت کے تحفظ کو جدید بنیادوں پر استوار کرےگا :جلیل عباس جیلانی



















