کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ منصوبہ 31جنوری تک مکمل کیاجائے،محسن نقوی

لاہور(خبر نگار)رفتار ومعیار،صرف 15روز کی ریکارڈ مدت میں 8.4کلو میٹر طویل ڈاکٹر حسن مراد روڈ(کالج روڈ)کی تعمیر و توسیع کا منصوبہ مکمل،وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبائی وزرا کے ہمراہ افتتاح کردیا۔

محسن نقوی نے سڑک کا معائنہ کرکے اعلیٰ تعمیراتی کام کو سراہتے ہوئے کہااکبر تا امیر چوک تک سڑک کے دونوں اطراف کل 8.4 کلو میٹر طویل سڑک کی تعمیر و توسیع کا پراجیکٹ مکمل ہو چکا ، کالج روڈ کو معروف شخصیت ڈاکٹر حسن مراد مرحوم کے نام سے منسوب کیا گیا ،ڈاکٹر حسن مراد روڈ کی بحالی سے ملحقہ علاقوں کے تعلیمی اداروں، کمرشل عمارتوں، رہائشی سکیموں کے رہائشیوں کو آ مدورفت میں آسانی ہوگی،منصوبے کی قلیل مدت میں تکمیل پر ایل ڈی اے کی پوری ٹیم شاباش کی مستحق ہے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ نے رات گئے کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور2گھنٹے تک3 7.کلومیٹر طویل پورے پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا،محسن نقوی نے 31جنوری تک پراجیکٹ مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہامیگاپراجیکٹ میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے ،منصوبے کو وقت سے قبل پایہ تکمیل تک پہنچانے کےلئے دن رات کام کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ نے پراجیکٹ کےلئے مٹی سپلائی کرنے والے کنٹریکٹر سے بھتہ لینے کی شکایت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے بھتہ مافیا کےخلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کا حکم دےدیا، منصوبے کے اطراف سٹرکوں پر تجاوزات مسمار کرنے کا ٹاسک ڈپٹی کمشنر کے سپرد کردیا۔

مزید برآںمحسن نقوی نے اپ گریڈیشن کے بعد صوبے کے 36تھانوں کا ورچوئل افتتاح کر دیا جبکہ تھانہ گلشن اقبال کی عمارت کا باضابطہ افتتاح کیاگیا، وزیر اعلیٰ محسن نے عوام کونئے سال کا بڑا تحفہ د یتے ہوئے کہا 9جنوری تک ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں پر فیس میں اضافے کا اطلاق نہیں ہو گا، 9 جنوری تک شہری پرانی فیس ادا کرکے لائسنس بنوا سکتے ہیں،شہریوں سے اپیل ہے ڈرائیونگ لائسنس لازمی بنوائیں،محسن نقوی نے تھانہ گلشن اقبال کی عمارت و مختلف شعبوں کا معائنہ ،فرنٹ ڈیسک کا جائزہ لیا،سائلین کےلئے بہترین سہولتوں کی فراہمی کے اقدام کو سراہا۔