افغانستان سے در اندازی ناکام، 3 دہشتگرد ہلاک، نائیک شہید،مشکئی میں5 ملک دشمن جہنم واصل

راولپنڈی، اسلام آباد، باجوڑ، آواران (بیورو رپورٹ) افغانستان سے دراندازی ناکام، 3 دہشت گرد ہلاک، نائیک شہید، مشکئی میں انٹیلی بیس آپریشن، 5 ملک دشمن جہنم واصل، پاکستان میں دہشت گردی کیلئے افغانستان سے لائے گئے امریکی اسلحے کے مزید ثبوت سامنے آگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع باجوڑ میں پاک افغان سرحد پر موثر کارروائی کر کے افغانستان سے دہشت گردوں کی ملک میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی، بٹوار میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی نقل و حرکت دیکھی گئی، سکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے شدید تبادلے میں 3 دہشت گرد وں کو ہلاک کرکے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا۔

ادھر شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سرحد پار سے دہشت گردوں نے افغان حدود سے پاکستانی بارڈر پوسٹ کو نشانہ بنایا، سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی سے دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا، نائیک عبدالروف بہادری سے لڑتے شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان عبوری افغان حکومت سے مو¿ثر بارڈر مینجمنٹ کےلئے بارہا معاملہ اٹھا چکا، توقع ہے عبوری افغان حکومت ذمہ داریاں پوری کریگی اور دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کےخلاف دہشت گرد کارروائیوں کےلئے افغان سرزمین کے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیگی۔

قبل ازیں سکیورٹی فورسز نے ضلع آواران کے علاقے مشکئی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، دوران آپریشن فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے،آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کر کے ہتھیار، گولہ بارود برآمد کر لیا،سکیورٹی فورسز قوم کے تعاون سے دشمن کی ہر سازش ناکام بنا ئیں گی، بلوچستان میں امن واستحکام و ترقی کا عمل سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے۔

ادھرپاکستان کی سر زمین پر افغانستان سے لائے جانے والے امریکی اسلحہ کے استعمال کے مزید ثبوت منظر عام پر آگئے، کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کو افغانستان میں امریکہ کا چھوڑا ہوا اسلحہ دستیاب ہونے سے خطے کی سلامتی کوشدید نقصان پہنچا ،کالعدم ٹی ٹی پی کو ہتھیاروں کی فراہمی سے پاکستان میں دہشت گردی بڑھی۔

29 دسمبر کو میر علی میں دہشت گردوں کےخلاف انٹیلی جنس آپریشن کیا گیا ،فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر راہزیب کھورے سمیت 5 دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں سے غیر ملکی اسلحہ ، ایم فور کاربن ، اے کے 47 اور گولہ بارود برآمد ہوا، پہلے بھی متعدد بار پاکستان میں دہشت گردحملوں میں غیر ملکی ہتھیار استعمال کئے گئے، بلوچ لبریشن آرمی نے بھی انہی ہتھیاروں سے فروری 2022 میں نوشکی، پنجگور اضلاع میں ایف سی کیمپوں کو نشانہ بنایا۔

میانوالی ائیر بیس حملے میں دہشتگردوں سے برآمد ہونےوالا اسلحہ غیرملکی ساخت کا تھا، ڈی آئی خان میں درابن، ٹانک میں بھی دہشت گردوں کے پاس جدید غیر ملکی اسلحہ ملا، افغانستان سے جدید امریکی اسلحہ کی پاکستان سمگلنگ اور کالعدم ٹی ٹی پی کا سکیورٹی فورسز، عوام کےخلاف استعمال افغان عبوری حکومت کا اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہونے کے دعووں پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔

مزید برآں سکیورٹی فورسز نے 2023 میں خفیہ اطلاعات پر 18 ہزار 736 آپریشنز کے دوران 566 دہشت گردوں کو ہلاک اور5161 کو گرفتار کیا،رپورٹ کے مطابق رواں سال کے دوران خطے میں بے امنی کی صورتحال دیکھنے میں آئی، قابو پانے، قومی سلامتی اور دفاع کو یقینی بنانے کےلئے اداروں نے موثر انسداد دہشت گردی اقدامات کیے۔

سرکاری اعدادوشمار سے ثابت ہوتا ہے دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں ملوث دہشت گردوں کی کڑیاں افغانستان سے ملتی ہیں،2023 کے دوران انٹیلی جنس ایجنسیوں کی موثر کارروائیوں کی بدولت بلوچستان نیشنل آرمی کے اہم کمانڈروں گلزار امام شنبے، سرفراز بنگلزئی نے دہشت گردی ترک کرکے قومی دھارے میں آنے کا اعلان کیا،بلوچستان 15 ہزار 63 آپریشنز میں 109، خیبر پختونخوا 1942 آئی بی اوز میں 447،پنجاب 190، گلگت بلتستان 14، سندھ 1987 آئی بی اوز میں 10 دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا، پاکستان آرمڈ فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں ،عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دیں، فوج کے 260 افسروں ،جوانوں سمیت ایک ہزار سے زائدافراد نے جام شہادت نوش کیا۔