8فروری عام الیکشن نہیں،فیصلہ کرنا کون تخریب کار اور پاکستان کا معمار ہے،ن لیگ

لاہور،شیخوپورہ،فاروق آباد (اپنے رپورٹر سے،بیورورپورٹ،نامہ نگار)سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نوازشریف نے کہاہے سب ملکر ایک ٹیم کی طرح ملک کو مشکلات سے نکالیں گے۔



پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہاآپ کی سب باتیں میرے دل میں اتری ہیں،میرٹ پر اپنا لوہا منوایا ،بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کےلئے دن رات کام کرکے پراجیکٹ مکمل کرائے، آپ کی خدمت کوئی معمولی نہیں ، شہبازشریف نے مشکل حالات کا صبر کےساتھ سامنا کیا، ڈیڑھ سال کی حکومت پر بہت سارے لوگوں نے کہا حکومت لینی چاہئے تھی،شہبازشریف نے ملک کو معاشی خطرے سے بچایا۔

سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نوازنے کہا ن لیگ کی خدمات کو نکال دیں تو ملک میں کھنڈرات کے علاوہ کچھ نہیں بچتا،کبھی سیاست میں آنے کا نہیں سوچا ، نوازشریف نے میڈیا کے معاملے پرٹاسک دیا ، 2017 میں پانامہ کی سازش ہوئی، نوازشریف کےخلاف جھوٹے کیسز ختم ہوگئے، لگتا ہے میری ذمہ داری پوری ہوگئی ،مریم نواز نے مزید کہا2011 سے لیکر آج تک کوئی الیکشن نہیں لڑا پارٹی کا حکم سر آنکھوں پر ہوگا، حمزہ کےساتھ بھائیوں والا بڑا اچھا تعلق ہے، حمزہ کے ساتھ مل کر چلوں گی۔

ادھرفاروق آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا 8 فروری کو فیصلہ کرنا کون تخریب کار اور کون پاکستان کا معمار ہے،8فروری کاالیکشن کوئی عام نہیں ، جوش وجذبے کےساتھ ملک کی تقدیربدلنے کا فیصلہ کرنا ہے،پاکستان بے شمار وسائل سے مالا مال ہے اگر تیل و گیس نہیں تو کوئی بات نہیں، نوجوانوں کی وجہ سے پاکستان امیر ملک بنے گا، ووٹ ڈالتے وقت لیڈرکا ماضی دیکھنا ہے،لیگی صدر نے کہا2013 میں 20، 20گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، میرے لیڈر نوازشریف نے خاتمہ کیا،نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیئے، ملک سے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا، اربوں کے تعلیمی وظائف دیئے،پنجاب کے ہسپتالوں کو جدید بنایا۔

شہبازشریف نے کہا 8 فروری کو شیر پرمہر لگانی ہے، نوازشریف کو منتخب کرایا تو نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیں گے ،ٹریننگ دلوائیں گے،9مئی واقعات سے شہیدوں پر کیا گزری ہوگی، سوال کا جواب آپ نے پرچی پرمہرلگا کر دینا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا76 سال گزر گئے کشکول ہاتھ میں ہے، 8 فروری کو فیصلہ کرنا ہے کون تخریب کار اور پاکستان کا معمار ہے، نوازشریف اب خالی سیاست دان نہیں دلوں کوجوڑنے ،محبت کے پھول برسانے آیا ہے،5سال ملک کی بربادی ہوئی، ہمسایہ ممالک سے تعلقات خراب کئے گئے، نوجوان بچوں کےلئے یونیورسٹیاں بنائیں گے، کوئی رام کہانی نہیں سنارہا، آپ نے چوتھی بار نوازشریف کو وزیراعظم بنوایا تو خدا کی قسم بچوں کو بہترین تعلیم دلوائیں گے، پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، اگر ملک دیوالیہ ہو جاتا تو فیکٹریاں بند ہوجاتیں،ریاست بچ گئی تو سیاست بھی بچ جائے گی، سیاست کو ریاست پر 100 بار قربان کریں گے۔