لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب حکومت نے لرنر، ڈرائیونگ لائسنس اور تجدید لائسنس فیس میں بڑا اضافہ کردیا۔ٹریفک پولیس حکام کے مطابق پہلے لرنر لائسنس کی 5 سال کیلئے فیس 60 روپے مقرر تھی تاہم حکومت نے اب ہرسال 500 روپے لرنرفیس مقرر کر دی ہے، موٹرسائیکل لائسنس کی 5 سالہ فیس 550 روپے مقرر تھی اب شہریوں سے لائسنس کیلئے ہر سال 500 روپے وصول کیے جائیں گے۔موٹرسائیکل رکشہ کی 5 سالہ فیس550 روپے مقرر تھی اب ہر سال 500 روپے مقرر کئے گئے ہیں،موٹر کار و جیپ کے لائسنس کی 5 سالہ فیس 950 روپے تھی اب 1800 روپے ہر سال وصول ہونگے، لائٹ ٹرانسپورٹ کی 5 سالہ فیس 950 روپے تھی، اب ہر سال2000 روپیہ وصول ہو گا۔ہیوی ٹرانسپورٹ کی 5 سالہ فیس 450 روپے تھی، اب ہرسال2000روپے دینا ہونگے،ٹریکٹر لائسنس کی 5 سالہ فیس 450 روپے تھی اب ہر سال 1000 روپیہ وصول کیا جائیگا،کمرشل ٹریکٹر کی 5 سالہ فیس 450 روپے تھی اب ہر سال 1500 روپے دینا ہوں گے۔معذور افراد کے ڈرائیونگ لائسنس کی 5 سالہ فیس 20 روپے مقرر تھی، پنجاب حکومت نے معذور افراد کے ڈرائیونگ لائسنس کی فیس ختم کر دی ہے۔پبلک سروس وہیکل کی 5 سالہ فیس 450 روپے مقرر تھی، اب ہرسال1500 روپے دینا ہو نگے جبکہ باقی کیٹگریز کی ڈرائیونگ لائسنس فیس 100 روپے سے بڑھا کر1000 روپیہ کر دی گئی ہے،ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں 1000 فیصد تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔پنجاب حکومت کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں 20 سال بعد بڑا اضافہ کیا گیا ہے، عوامی آگاہی کیلئے فیسوں میں اضافے کا اشتہار جلد شائع کیا جائے گا، یکم جنوری سے نئی فیسوں کا اطلاق ہوجائیگا۔ دوسری طرف نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کی جانب سے یکم جنوری 2024سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانوں کی شرح میں اضافے کااعلان کر دیا گیا ۔ حد رفتار کی خلاف ورزی پر موٹر سائیکل سوار کو1500، کار سوار کو 2500روپے ،بس کو 10ہزار اور ٹرک کو 5ہزار روپے جرمانہ ہوگا ، دوران ڈرائیونگ لا پرواہی پر موٹر سائیکل ، کار سوار کو 1500، بڑی گاڑیوں کو5ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا،بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے پر موٹر سائیکل سوار،کار چلانے والے کو 5ہزار،بڑی گاڑیوں کو 10ہزار روپے جرمانہ، مقررہ حد سے زیادہ وزن لوڈ کرنے پر مال بردار گاڑی کو 10ہزار روپے ،ایمر جنسی گاڑیوںکو راستہ نہ دینے پر 5ہزار روپے ، مقررہ حد سے زیادہ مسافر بٹھانے پر گاڑیوں کو 5ہزار روپے ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 1000ہزار روپے ، سیٹ بیلٹ کے بغیر کار سوار کو 1500،مسافر بردار، ہیوی گاڑیوں کو 3ہزار روپے ، موبائل فون کے استعمال پر موٹر سائیکل، کار سوار کو 500روپے،ایل ٹی وی گاریوں کو2ہزار، مسافر بردار اور ہیوی گاڑیوںکو5ہزار روپے جبکہ بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکل، کار اور ایل ٹی وی کو 2ہزار روپے جرمانہ، مسافر بردار اور ہیوی گاڑیوں پر 5ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا۔ آئی جی موٹر وے پولیس سلطان علی خواجہ کا کہنا ہے کہ جرمانوں میں ترمیم کا مقصد قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے ،جرمانوں سے بچنے کے لئے شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کریں اور سفر کو محفوظ بنائیں ۔
لرنر، ڈرائیونگ اور تجدید لائسنس فیس میں بڑا اضافہ ، این ایچ اے، موٹر وے پر بھی جرمانوں کی شرح بڑھ گئی



















