اشتہاری کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرا سکتے،شفاف الیکشن کرائیں گے،محسن نقوی

لاہور : (خبر نگار)لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا مجموعی طور پر 60 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ،لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری 31جنوری تک ٹریفک کےلئے کھول دیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کیلئے اڈہ پلاٹ رائیونڈ پہنچے ،اڈہ پلاٹ رائیونڈ سے مراکہ ملتان روڈ تک 8 کلو میٹر طویل پراجیکٹ پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ ،پورے روٹ پرجاری کاموں ،زیر تعمیر پلوں پرجاری کاموں کا مشاہدہ کیااورجلد تکمیل کیلئے ہدایات دیں،ایف ڈبلیو او کے کیمپ آفس میں منعقدہ اجلاس میں منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔

،محسن نقوی نے کہارنگ روڈ سدرن لوپ تھری کی تکمیل سے عوام کو آمد و رفت کی بہترین سہولتیں ملیں گی،لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ 31جنوری تک مکمل ہوجائےگا، منصوبے کو اعلیٰ معیار کےساتھ آگے بڑھایا جارہا ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاایس ایل تھری،گوجرانوالہ ایکسپریس وے ، بند روڈ پراجیکٹس بہت اہمیت کے حامل ہیں،دن رات کی محنت اور وقت سے لڑکر بہترین معیار کو برقراررکھتے ہوئے پراجیکٹس مکمل کریں گے،ایس ایل تھری پراجیکٹ17ارب رسے زائد کا ہے،8کلومیٹر طویل اور 3 ،3لینز پر مشتمل ہیں،ایس ایل تھری پراجیکٹ22اگست کو شروع کیا،31جنوری تک ٹریفک کےلئے کھول دیا جائے گا،ایس ایل تھری و دیگر پراجیکٹس میں حائل رکاوٹیں ختم کررہے ہیں،دھند کی وجہ سے پراجیکٹ پر کام رکتا ہے لیکن ایف ڈبلیو او کی ٹیم بہت اچھا کام کررہی ہے۔

محسن نقوی نے کہاایس ایل تھری و دیگرپراجیکٹس بڑا ٹاسک ہیں،تمام متعلقہ افراد پراجیکٹس کی لگاتار مانیٹرنگ کررہے ہیں،مانیٹرنگ کیلئے صوبائی وزرا اور سیکرٹریز کو ڈیوٹیاں تفویض کردیں،پراجیکٹس مکمل کرنے والی ٹیمز کو مکمل سپورٹ حاصل ہے،پراجیکٹس کی تکمیل میں جتنے بھی مسائل آئے حل کریں گے لیکن پراجیکٹ کی لاگت بڑھنے نہیں دیں گے،ایس ایل تھری 2سال کا پراجیکٹ ہے جو چند ماہ میں تکمیل تک پہنچ جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہاعدالتی حکم کے مطابق اشتہاری ملزم کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرا سکتے،یقین رکھیں،شفاف اور آزادانہ الیکشن کرائیں گے،کوئی ایشو سامنے آیا تو حل کےلئے الیکشن کمیشن سے پہلے ایکشن لیں گے،مصنوعی بارش برسانے کےلئے ساز گار بادل درکار ہیں،سموگ کے تدارک کیلئے جو بھی انسانی بس میں ہوا کریں گے،کوشش ہے اچھے طریقے سے مسائل حل کرائے جائیں،ایس ایل تھری اگر 10سال پہلے بن جاتی تو لاگت کم ہوتی۔


دریں اثناوزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن کی تزئین وآرائش وتوسیعی منصوبے کا تفصیلی دورہ کرکے پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ ،جاری کاموں کا مشاہدہ کیا،محسن نقوی نے ہدایت کی دئیے جلانے کےلئے علیحدہ جگہ مخصوص ،مزار کے مرکزی حصے میں خوبصورت لائٹس لگائی جائیں،تزئین وآرائش کے تمام کام اعلیٰ معیار کےساتھ مکمل اورمزار کے راستے کو کشادہ کرنے کا کام جلد مکمل کیا جائے،راستہ کشادہ ہونے سے زائرین کو آمدورفت میں سہولت ملے گی۔